بلوچستان کے علاقے مچھ میں راولپنڈی جانے والی جعفرایکسپریس پر راکٹ اور فائرنگ سے حملے پر رابطہ کمیٹی ایم کیوایم کااظہار مذمت
واقعہ دہشت گردی ہے ، حکومت سنجیدگی سے نوٹس لے ، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
جعفر ایکسپریس پر حملے کے نتیجے میں شہید افراد کے سوگوار لواحقین سے رابطہ کمیٹی کااظہار تعزیت ، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا
کراچی ۔۔۔16، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بلوچستان کے علاقے مچھ میں راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس پر مسلح دہشت گردوں کے راکٹ حملے اور فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے اور دہشت گردی کے اس واقعہ میں3،افراد کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ جعفر ایکسپریس پر راکٹ اور فائرنگ سے حملہ دہشت گردی ہے اورحکومت بلوچستان اس واقعہ کا سختی سے نوٹس لے تاکہ مستقبل میں بے گناہ اور قیمتی انسانی جانوں کو تحفظ فراہم کیاجاسکے ۔رابطہ کمیٹی جعفر ایکسپریس پر حملے میں شہید ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور شہداء کی مغفرت اورزخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف اوروفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا کہ مچھ کے مقام پر روالپنڈی جانے والی جعفرایکسپریس پر مسلح دہشت گردوں کے حملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ، دہشت گردی کے واقعات سے عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام اور ممکنہ وسائل اور ذرائع استعمال میں لائے جائیں اور ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔