ایکسپریس نیوز کراچی کے دفتر پر مسلح شرپسندوں کے حملے پر الطاف حسین کااظہار مذمت
دفتر پر فائرنگ کا واقعہ آزادی صحافت اور اس کے اظہار پر حملہ ہے ، الطاف حسین
لندن۔۔۔16، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ایکسپریس نیوز کراچی کے دفتر پر مسلح شرپسندوں کی فائرنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایکسپریس نیوز کراچی کے دفتر پر حملے میں ملوث شرپسندوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مسلح شر پسندوں کے ہاتھوں تاجر ، صنعتکار ، دکاندار حتیٰ کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نشانہ بن رہے ہیں تاہم حکومت ، پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے شرپسندوں کی سرکوبی کیلئے کوئی عملی اور مثبت نوعیت کے اقدامات دیکھنے میں نہیں آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایکسپریس نیوز کے دفتر پر فائرنگ کا واقعہ آزادی صحافت اور اس کے اظہار پر حملہ ہے اور جو عناصر اس میں ملوث ہیں وہ آزاد صحافت کے کھلے دشمن اور کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ۔ انہوں نے شرپسندوں کی فائرنگ سے سیکورٹی گارڈ اور ایک خاتون کے زخمی ہونے پر گہری تشویش کااظہا رکیا اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ جناب الطاف حسین نے وزیراعظم نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ایکسپریس نیوز کے دفتر پر شرپسندوں کی فائرنگ اور خوف و ہراس پھیلانے کے واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث شرپسندوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے ۔