طلباء و نوجوان طبقہ ہی ملک و قوم کو درپیش مسائل سے نجات دلا سکتا ہے۔ انجینئر ناصر جمال
پاکستان کے نوجوان ملک کو مسائل سے نکالنے کے لئے پر عزم ہیں۔ حیدر عباس رضوی
اے پی ایم ایس او کے تحت یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ ’’جنون پاکستان‘‘ ریلی کے شرکاء سے خطاب
کراچی۔۔۔14 ؍ اگست 2013ء
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر انجینئر ناصرجمال نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے ایسے وقت میں صرف نوجوان طبقہ ہی قوم کی واحد امید ہے، باشعور نوجوان کسی بھی جھوٹے اور پرفریب نعروں اور وعدوں میں آئے بغیر ملک کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور سرس سوسائٹی کے اشتراک سے سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں منعقدہ ’’جنون پاکستان‘‘ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے قیام سے آج تک ملکی اقتدار و حکمرانی پر جاگیردار اور وڈیرے قابض ہیں جنہوں نے ملک و قوم کو تباہی کے دھانے پر لا کر کھڑا کیا ہے۔ ایسے وقت میں ملک کے طلباء و نوجوان ہی میدان عمل میں آکر ملک کو درپیش سنگین مسائل و بحرانوں سے نجات دلا سکتے ہیں۔ انہوں نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ تعلیم کو فوقیت دیتے ہوئے اسکے حصول پر بھرپور توجہ دیں۔ اس موقع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن سید حیدر عباس رضوی، حق پرست رکن قومی اسمبلی ساجد احمد، اے پی ایم ایس او کے چیئرمین و اراکین مرکزی کابینہ، طلبا و طالبات اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ قبل ازیں سید حیدر عباس رضوی نے ریلی میں نوجوانوں کی کثیر تعداد میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریلی میں نوجوانوں کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے نوجوان ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لئے پوری طرح تیار اور پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر شہر قائد کے طلباء کی جانب سے نکالی جانے والی یہ ریلی ملک کی سب سے بڑی ریلی ہے۔ اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں طلباء و طالبات نے سرسید یونیورسٹی سے جامعہ کراچی تک پیدل مارچ کیا ، اس دوران شہر قائد کی فضا ’’پاکستان زندہ آباد ‘‘ کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی، نوجوانوں نے انتہائی پرجوش انداز میں ملک سے محبت اور اظہار یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔