ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، ’’اپنی مدد آپ‘‘ کے تحت شمسی توانائی اور متبادل توانائی کے منصوبوں پر کام کرنے کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا
لوڈشیڈنگ سے نجات اور شمسی توانائی سے بجلی فراہم کرنے کے عوامی منصوبے کا آغاز عزیز آباد سے کیا جائیگا
پہلے مرحلے میں قائد تحریک الطاف حسین کی رہائش گاہ اور ایم کیوایم کے مرکزی دفاتر کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائیگا
شمسی توانائی اور متبادل توانائی سے بجلی پیدا کرنے والی مختلف کمپنیوں سے رابطے کئے جائیں گے اور اوپن ٹینڈر طلب کئے جائینگے
قائد تحریک الطاف حسین نے لوڈ شیڈنگ کے صرف مسئلہ کی نشاندہی نہیں کی بلکہ مسئلے کا حل بھی پیش کیا ہے
انشاء اللہ ایم کیوایم بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے حل کیلئے اپنی حتی المقدور کوششیں جاری رکھے گی۔ رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔11، اگست2013ء
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کاایک اجلاس آج نائن زیروپر ہواجس میں قائدتحریک الطاف حسین کی ہدایت پر ملک میں لوڈشیڈنگ اور توانائی کے بڑھتے ہوئے بحران سے نمٹنے کیلئے ’’ اپنی مدد آپ‘‘ کے تحت شمسی توانائی اورمتبادل توانائی کے منصوبوں پر کام کرنے کیلئے مختلف تجاویز کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لوڈشیڈنگ سے نجات اورشمسی توانائی سے بجلی فراہم کرنے کے اس عوامی منصوبے کا آغاز عزیزآباد سے کیاجائے گا اور پہلے مرحلے میں قائد تحریک الطاف حسین کی رہائش گاہ اور ایم کیوایم کے مرکزی دفاتر کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا جسکے بعد ’’اپنی مددآپ‘‘ کے تحت عوام کے تعاون سے شہرکے دیگرعلاقوں اور دوسرے شہروں میں بھی اس منصوبے پر کام کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شمسی توانائی اور متبادل توانائی سے بجلی پیدا کرنے والی مختلف کمپنیوں سے رابطے کئے جائیں گے اوربجلی پیدا کرنیوالی کمپنیوں سے اوپن ٹینڈر طلب کئے جائیں گے اورکوشش کی جائے گی کہ کم سے کم لاگت پر بجلی کا حصول یقینی بنایا جائے۔ رابطہ کمیٹی نے حق پرست سینیٹرزاور ارکان اسمبلی کوبھی ہدایت کی کہ وہ شمسی توانائی اورمتبادل توانائی کے پروجیکٹس میں استعمال ہونے والی اشیاء کی بیرون ملک سے درآمدپر ڈیوٹی معاف کرانے کے ساتھ ساتھ ان پرحکومت کی جانب سے زرتلافی دلوانے کیلئے قانون سازی کی کوششیں تیز کریں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ قائدتحریک الطاف حسین نے لوڈشیڈنگ کے صرف مسئلہ کی نشاندہی نہیں کی بلکہ مسئلے کاحل بھی پیش کیاہے کہ شمسی توانائی اورمتبادل ذرائع سے سستی بجلی پیداکرکے ہی لوڈشیڈنگ سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے اوربجلی کے بحران پرقابو پایا جاسکتا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ انشاء اللہ ایم کیوایم بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے حل کیلئے اپنی حتی المقدورکوششیں جاری رکھے گی۔