بلدیاتی الیکشن کے دن عوامی سیلاب پتنگ کے نشان پر مہریں ثبت کرکے جھوٹی، بے بنیاد اور من گھڑت سازشوں کو بہالے جائے گا، رابطہ کمیٹی ڈپٹی کنوینر شاہد پاشا
عوام ایم کیوایم کے ساتھ ہیں اور اس کا مستقبل تابناک ہے ، رابطہ کمیٹی رکن امین الحق
ایم کیوایم پڑھے لکھے لوگوں کی پرامن لوگوں کی جماعت ہے اور ہمارا ہتھیار ووٹ ہے، سی ای سی انچارج وسیم اختر
بلدیاتی انتخابی مہم کے سلسلے میں ناظم آباد اور پاک کالونی میں منعقدہ علیحدہ علیحدہ بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب
کراچی ۔۔۔13، نومبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر شاہد پاشا نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کا بلدیاتی الیکشن 2015ء میں ایم کیوا یم کا راستہ روکنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی اور بلدیاتی الیکشن کے دن عوام کا سیلاب پتنگ کے نشان پر اپنی مہریں ثبت کرکے جھوٹی ، بے بنیاد اور من گھڑت سازشوں کو بہا لے جائے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں ناظم آباد میں خلافت چوک جبکہ پاک کالونی میں گول ٹنکی والا روڈ حسرت موہانی کالونی پر منعقدہ علیحدہ علیحدہ بڑے انتخابی جلسوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انتخابی جلسوں میں شاہد پاشا نے ناظم آباد اور پاک کالونی سے نامزد حق پرست بلدیاتی امیدواران کا عوام سے تعارف کراتے ہوئے ان کے ناموں کا اعلان کیا جن کاجلسے کے ہزاروں شرکاء نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکر تالیوں کی زبردست گونج میں خیر مقدم کیا اور جناب الطا ف حسین اور ایم کیوایم کے حق میں پرجوس نعرے بازی کی جبکہ اس موقع پر جلسہ کے شرکاء سے رابطہ کمیٹی کے رکن امین الحق ، سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے انچارج وسیم اختر ، حق پرست ارکان قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور ، سفیان یوسف ، حق پرست ارکان سندھ اسمبلی ارشد وہرا، رؤف صدیقی اور جمال احمد نے بھی خطاب کیا ۔ انتخابی جلسوں اپنے خطاب میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر شاہد پاشا نے کہاکہ پاک کالونی اورناظم آباد کے عوام پر جناب الطاف حسین کا مان اور فخر آج بھی قائم ہے اور یہی نہیں بلکہ کراچی سے خیبر تک مظلوم عوام جناب الطاف حسین کی قیادت میں متحد ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کی سمت کو درست کرنے سے ہی کراچی میں امن قائم ہوسکتا ہے ، ٹارگٹڈ آپریشن کی آڑ میں غیرقانونی ، غیر آئینی ، غیر اخلاقی اقدامات اور ظلم و ستم کرنا ، ایم کیوایم کے سیاسی و جمہوری حقو ق سلب کرلینا اور لوگوں کو انصاف کے حصول تک سے محروم کردینا سراسر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور غیر جمہوری عمل ہے ۔ انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن امین الحق نے کہاکہ عوام ایم کیوایم کے ساتھ ہیں اور اس کا مستقبل تابناک ہے اورانشاء اللہ ایم کیوایم بلدیاتی انتخابات میں بھاری عوامی مینڈیٹ حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ ملک بھر کے غریب و مظلوم عوام کے حقوق کی جدوجہد کررہے ہیں اور ملک سے جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور سردارانہ نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سیاسی جماعتوں میں موجود جاگیرداروں ، وڈیروں کے ترجمان ایم کیوایم جیسی جمہوریت پسند اور محب وطن جماعت کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا ور سازشیں کرتے ہیں لیکن عوام نے ہمیشہ ان سازشوں کو ناکام بنایا ہے ۔ انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے سی ای سی کے انچارج وسیم اختر نے کہاکہ ہم پڑھے لکھے اور پرامن لوگ ہیں اور ہمارا ہتھیار ووٹ ہے لیکن ہمارا عوامی مینڈیت قبول نہیں کیا گیا تو پھر ہم اپنا لائحہ عمل اس بلدیاتی الیکشن کے بعد تبدیل کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ اگرماضی کے نو الیکشن جیتنے کے بعد بھی ہمارا عوامی میندیٹ قبول نہیں کیا جاتا تو ہم کیا کریں اورکدھر دہائی دیں ، ہم ہر فورم پر بات کرچکے ہیں اور ہر دروازہ کھٹکھٹا چکے ہیں ، اگر جناب الطاف حسین کو لیڈری اور سیاست کا شوق ہوتا تو ایم کیوایم کے ارکان پارلیمنٹرین استعفے نہیں دیتے ، ہمیں عوام کے مسائل کا حل چاہئے ، یہ شہر پورے ملک کو چلا رہا ہے اور ہم اسے ترقی دینا چاہتے ہیں جب یہ شہر ترقی پائے گا تو پورا ملک ترقی کرے گا ۔انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے کہاکہ 5دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں شہر کراچی کے عوام جو ق در جوق نکلیں گے اور حق پرست امیدواران کو کامیابی سے ہمکنار کراکر ثابت کردیں گے کہ وہ جناب الطاف حسین پر آج بھی بھر پور ااعتماد رکھتے ہیں ۔