نومبر19 کا سورج ایم کیو ایم مخالفین کی شکست کاپیغام دے کر غروب ہو گا، رکن رابطہ کمیٹی، ایم کیو ایم شبیر قائمخانی
قیامِ پاکستا ن سے لیکر آج تک موروثی حکمرانوں نے عوام کو کرپشن، بے روز گاری، مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا، شبیر قائمخانی
ایم کیو ایم اقتدار میں ہو یا اقتدار سے باہر اس کے کارکنان ہر وقت عوامی خدمت میں مصروفِ عمل رہتے ہیں ، سید سہیل مشہدی
آج تک قائدِ تحریک کے گھر، عزیز و اقارب میں سے ایک کونسلر تک بھی نہیں بنا، سید سہیل مشہدی
بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے یوسی 24 اور 25 میں منعقدہ کارنرمیٹنگز سے خطاب
حیدرآباد۔۔۔13 ،نومبر،2015 ء
19،نومبر کا سورج ایم کیو ایم مخالفین کی شکست کاپیغام دے کر غروب ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن شبیر احمد قائم خانی نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے یوسی 24 اور یوسی 25 میں منعقدہ کارنرمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کارنر میٹنگ میں رکن زونل کمیٹی سید سہیل مشہدی ، سمیت سیکٹر کینٹ اور سیکٹر ڈی کے ذمہ داران و کارکنان اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیامِ پاکستا ن سے لیکر آج تک موروثی حکمرانوں نے عوام کو کرپشن، بے روز گاری، مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا اور آج بھی پاکستان ترقی پذیر ممالک کی حیثیت سے دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ ملک کے غریب و متوسط طبقے کے مظلو م ومحکوام عوام کی جماعت ہے جو بلا تفریق عوامی خدمت میں کوشاں ہے اور قائدِ تحریک جناب الطاف حسین کی عملی حق پرستانہ جدوجہد کا مقصد مظلوم عوام کو بااختیار بنا ناہے کیونکہ جس ملک کے عوام بااختیار ہوتے ہیں وہ ملک ترقی کی شاہراہ پر تیزی سے سفر کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قائدِ تحریک جناب الطاف حسین کے عملی انقلابی فکر و فلسفے نے پاکستان کی سیاست میں حقیقی انقلاب برپا کر دیا ہے اور آج ملک کے کونے کونے میں تبدیلی کی صدائیں سنائی دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 19 ، نومبر کو ایم کیو ایم کے اُمیدواران کے بھاری تعداد میں منتخب ہونے کے بعد حیدرآباد تعمیر و ترقی کے ایک نئے سفر کا آغاز پھر سے شروع کرے گا ۔کارنر میٹنگ سے رکن زونل کمیٹی سید سہیل مشہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ روزِ اول سے لے کر آج تک ہر الیکشن میں ایم کیو ایم نے غریب و متوسط طبقے کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو عوامم کی حمایت سے منتخب کر کے ملک کے ایوانوں میں بھیجا اور منتخب نمائندوں نے عوامی خدمت کی جو روشن مثالیں قائم کیں اُن کا ایک زمانہ معترف ہے۔انہوں نے کہا کہ قائدِ تحریک جناب الطاف حسین نے سیاست میں عملاً عوامی خدمت کو روشناس کرایا ہے یہی وجہ ہے کہ ایم کیو ایم اقتدار میں ہو یا اقتدار سے باہر اس کے کارکنان ہر وقت عوامی خدمت میں مصروفِ عمل رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج تک قائدِ تحریک کے گھر، عزیز و اقارب میں سے ایک کونسلر تک بھی نہیں بنا جو ثابت کرتا ہے کہ قائدِ تحریک جناب الطاف حسین کے قول و فعل میں تضاد نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پر جتنا ظلم و ستم کیا گیا ایم کیو ایم اتنا ہی اُبھر کر سامنے آئی ۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے حق پرست عوام نے بھاری تعداد میں بلامقابلہ چیئرمین، وائس چیئر مین اور جنرل کونسلرز منتخب کر ا کر ایم کیو ایم کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کرنے والوں کو دن میں تارے دکھا دئیے اور انشااللہ 19 نومبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں حق پرست اُمیدواران کی بھاری تعداد میں عوامی حمایت سے کامیابی باطل قوتوں کے بچے کھچے مذموم مقاصد کو خاک میں ملا دے گی ۔کارنر میٹنگ سے نامزد اُمیدوار برائے چیئرمین ماجد خان نے بھی خطاب کیا۔