کوئٹہ میں جامعہ مسجد فاروقیہ میں عید کی نماز پڑھ کر نکلنے والے نمازیوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ پر جناب الطاف حسین کا اظہار مذمت
نمازیوں پر فائرنگ کھلی دہشت گردی اور بربریت ہے
متعدد نمازیوں کے شہید و زخمی ہونے پر الطاف حسین کا گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
صدر، وزیر اعظم، وفاقی وزیر داخلہ نمازیوں پر فائرنگ کا نوٹس لیں، الطاف حسین
لندن۔۔۔9 اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کوئٹہ میں جامعہ مسجد فاروقیہ میں عید کی نماز پڑھ کر نکلنے والے نمازیوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور نمازیوں پر فائرنگ کو کھلی دہشت گردی اور بربریت قرار دیا اس افسوسناک واقعہ میں متعدد نمازیوں کے شہید و زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ عید الفطر کی نماز کے بعد نمازیوں پر فائرنگ کے بزدلانہ عمل سے واضح ہوگیا ہے کہ سفاک دہشت گرد مذموم کاررائیوں کے ذریعے بے گناہ شہریوں کو خاک وخون میں نہلارہے ہیں اور عید کی خوشیوں کو ماتم میں تبدیل کررہے ہیں جبکہ انسانیت سے عاری یہ دہشت گرد ملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے مطالہ کیا ہے جامع مسجد فاروقیہ میں نمازیوں پر فائرنگ کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتارکرکے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے اور عوام کے جاں ومال کے تحفظ کے لئے ٹھوس و مثبت اقدامات بروئے کار لائے جائیں ۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوارلواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ (آمین)