بلدیاتی لیکشن کے سلسلے میں قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے یوسی 21گذد آباد اور یوسی23نانک واڑہ میں نامزد حق پرست امیدواران کے انتخابی دفاتر کاافتتاح کردیا
ڈاکٹر فاروق ستار کا رنچھوڑ لائن کی مارکیٹوں کا دورہ ، پتھاریداروں ، تاجر انجمنوں سے ملاقاتیں اور جگہ جگہ عوامی اجتماعات سے گفتگو
نام نہاد سیاسی جماعتوں نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں تاخیری حربے استعمال کرکے دراصل شہر کراچی کو تنزلی کی جانب
مائل کیا ہے، ڈاکٹر فاروق ستار کی گفتگو
کراچی ۔۔۔5، نومبر2015ء
قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے بلدیاتی الیکشن 2015ء کے سلسلے میں یوسی 21گذد آباد اور یوسی23نانک واڑہ میں نامزد حق پرست امیدواران کے انتخابی دفاتر کاافتتاح کیا اور بلدیاتی الیکشن کیلئے جاری عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں رنچھوڑ لائن کے مختلف علاقوں کی مارکیٹوں کا دورہ کیا اور پتھاریداروں اور تاجر انجمنوں سے ملاقاتیں کیں اور جگہ جگہ عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل اور مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں جے پنچ مکھی ہنومان مندر بھی گئے جہاں انہوں نے ہندو برادری کی سرکردہ شخصیات سے خطاب کیا اور نامزد حق پرست امیدواران کا تعارف کرایا ۔ دورے کے موقع پر مختلف مقامات پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ ایم کیوایم شہر کراچی کے عوام کی مقبول ترین جماعت ہے اور شہر کراچی کے عوام کا اعتماد قائد تحریک جناب الطاف حسین پر اسی طرح قائم ہے جس طرح ماضی میں تھا ۔ انہوں نے کہاکہ نام نہاد سیاسی جماعتوں نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں تاخیری حربے استعمال کرکے دراصل شہر کراچی کو تنزلی کی جانب مائل کیا ہے اور یہاں کے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے لہٰذا ملک بھرکے عوام ایسی نام نہاد سیاسی جماعتوں اور ان کے لیڈران کا چہرہ اچھی طرح سے پہچان لیں اور انہیں بلدیاتی الیکشن میں شکست سے دوچار کریں ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے پاس جب جب بلدیاتی الیکشن کے تحت اختیارات آئے ایم کیوایم نے شہر اور اس کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی اور صحت ، تعلیم ، کاروبار، روزگار کی فراہمی سمیت عوام کے بنیادی مسائل اور مشکلات کا نہ صرف خاتمہ کیا بلکہ شہر کو جدید خطوط پر استوار کرکے شہریوں کو مثالی سہولتیں فراہم کیں ۔انہوں نے کہاکہ آج شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ہیں ، نکاسی آب کا نظام تباہی کا شکار ہے ، صحت اورتعلیم کی سہولتوں کا فقدان ہے اور شہر کراچی کے عوام کو سہولیات سے محروم کرنے والے کوئی نہیں بلکہ نام نہاد سیاسی و مذہبی جماعتوں میں موجود جاگیرداروں اوروڈیروں کے نمائندے ہیں جو سیاسی جماعتوں میں رہ کر عوام کے مفاد کاتحفظ کرنے کے بجائے آئین وقانون کو اپنے مفادات کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ عوام سے اپیل کی کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں نامزد حق پرست امیدواروں کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرائیں اور انہیں ایک مرتبہ پھر شہر اور اس کے عوام کی خدمت کرنے کا موقع فراہم کریں ۔