کراچی میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن 2015ء کے سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام انتخابی مہم کا زور و شور سے آغاز
انتخابی مہم کے سلسلے میں لانڈھی نمبر 6میں ایم کیوایم کے زیر اہتمام بڑے انتخابی جلسہ عام کا انعقاد
جلسہ عام میں نوجوانوں ، بزرگوں ، خواتین کی ہزاروں کی تعداد میں شرکت ، حق پرست نامزد امیدواروں پر بھر پور اعتماد کااظہار
لانڈھی اور کورنگی کے عوام پر ماضی کے انتخابات میں بھی اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی میں عوامی حمایت سے محروم غنڈہ عناصر کو مسلط کرنے کی کوششیں کی گئیں ، رابطہ کمیٹی رکن عبد الحسیب
لانڈھی اور کورنگی کے عوام قائد تحریک جناب الطاف حسین کے نامزد کردہ امیدواران کو گزشتہ تین دھائیوں سے بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کراتے آئے ہیں، رابطہ کمیٹی رکن سید امین الحق
ایم کیوایم کی بلدیاتی الیکشن میں جیت یقینی اور مخالفین کا عبرتناک شکست سے دوچار ہونا طے ہوچکا ہے، سی ای سی انچارج وسیم اختر
عوام بلدیاتی انتخابات میں حق پرست امیدواران کو ووٹ دیں ، انتخابی جلسہ سے دیگر مقررین کا خطاب
کراچی ۔۔۔30، اکتوبر2015ء
کراچی میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن 2015ء کے سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام انتخابی مہم کا زور و شور سے آغاز کردیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز لانڈھی نمبر 6میں بڑا انتخابی جلسہ منعقد ہوا جس میں لانڈھی اور کورنگی کے نوجوانوں ، بزرگوں ، خواتین اور مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی ۔ انتخابی جلسہ سے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان عبد الحسیب ، سید امین الحق ، ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے انچارج وسیم اختر ، سی اسی سی کی رکن محترمہ لیلی ٰ پروین ، ایم کیوایم شعبہ خواتین کی انچارج کشور زہرا ، حق پرست رکن قومی اسمبلی ساجد احمد ، حق پرست ارکان سندھ اسمبلی خالد افتخار ، وقار شاہ اور عامر معین نے خطاب کیا ۔ انتخابی جلسہ کے شرکاء نے قائد تحریک جناب الطاف حسین سے والہانہ عقیدت و محبت کااظہار کیا اور ایم کیوایم کے نامزد حق پرست بلدیاتی امیدواروں پر اپنے بھر پور اعتماد کااظہار کرتے ہوئے انہیں بلدیاتی الیکشن میں زیادہ سے زیادہ ووٹ دیکر کامیاب کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔ انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن عبد الحسیب نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ لانڈھی اور کورنگی کے عوام پر ماضی کے انتخابات میں بھی اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی میں عوامی حمایت سے محروم غنڈہ عناصر کو مسلط کرنے کی کوششیں کی گئیں اور اس سلسلے میں لانڈھی اور کورنگی کے عوام پر عرصہ حیات تنگ کیاگیا لیکن لانڈھی اور کورنگی کے عوام کے دلوں سے قائد تحریک جناب الطاف حسین کی محبت کو آج تک تک ختم نہیں کیاجاسکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لانڈھی میں بلدیاتی انتخابات کیلئے آج ہونے والے جلسے میں ہزاروں عوام نے شرکت کرکے ثابت کردیا ہے کہ لانڈھی اور کورنگی سے ایم کیوایم کے نامزد حق پرست امیدواروں کی کامیابی یقینی ہے اور کوئی بھی زہریلا پروپیگنڈا اور جھوٹے الزامات عوام کو حق پرست امیدواروں کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کرنے سے ہرگز نہیں روک سکتے ۔ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن امین الحق نے کہاکہ لانڈھی اور کورنگی کے عوام قائد تحریک جناب الطاف حسین کے نامزد کردہ امیدواران کو گزشتہ تین دھائیوں سے بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کراتے آئے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ لانڈھی اور کورنگی ایم کیوایم کا گڑ ھ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں ایم کیوایم کی پرواز کو روکنے کیلئے سکھر اور لاڑکانہ میں پیپلزپارٹی اور حکومت سندھ نے جو غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کئے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پیپلزپارٹی سندھ میں اپنی مقبولیت کھو کر عوامی حمایت سے محروم ہوچکی ہے ۔ انہوں نے انتخابی جلسہ کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں حق پرست امیدواروں کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب بنائیں اور اپنے بہتر مستقبل کی ضمانت پر مہر ثبت کردیں ۔ کارنر میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے انچارج وسیم اختر نے کہاکہ تمام تر نامساعد حالات کے باوجودحیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات میں حق پرست امیدواروں نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے اور کراچی سے بھی حق پرست امیدواروں کی کامیابی کو کسی قیمت پر نہیں روکا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے ووٹ ہی سیاسی جماعتوں کے مستقبل کا تعین اور سیاسی جماعتوں کے عوام کیلئے کرائے گئے کام ان جماعتوں کے مستقبل کا فیصلہ کرتے ہیں اور ایم کیوایم نے ہر انتخابات میں جس طرح سے عوام مسائل اور مشکلات کو حل کیا ہے اور ان کیلئے ترقی و خوشحالی کی راہیں کھولی ہیں اس سے ہر ذی شعور شخص اندازہ لگا سکتا ہے کہ ایم کیوایم کی بلدیاتی الیکشن میں جیت یقینی ہے اور مخالفین کا عبرتناک شکست سے دوچار ہونا طے ہوچکا ہے ۔