بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں 13 مسافروں کو بس سے اتار کر ایک ایک کرکے ذبح کرکے قتل کرنے کے سفاکانہ واقعہ پر الطاف حسین کا اظہار مذمت
وفاقی اور صوبائی حکومت سفاکانہ قتل کے واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور ملوث حملہ آوروں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دے، الطاف حسین
شہید ہونے والے مسافروں کے تمام سوگوار لواحقین سے الطاف حسین کا اظہار تعزیت
لندن۔۔۔6، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے صوبہ بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں مسافر بس سے 13مسافروں کو ایک ایک کرکے اتار کر ذبح کرنے کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس واقعہ کو کھلا ظلم اور بربریت قرار دیا ہے ۔ ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہاکہ میڈیا کے مطابق دہشت گردوں اور سیکورٹی ایجنسی کے اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا اور یہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ سیکورٹی ایجنسی کے اہلکاروں کوجان بچا کر بھاگنا پڑا اور مکمل کنٹرول حملہ آوروں کے ہاتھ میں آگیا اور حملہ آوروں نے انتہائی سفاکانہ انداز میں 13مسافروں کو اتار کر ایک ایک کرکے ذبح کرکے قتل کردیا ۔ انہوں نے کہاکہ معصوم انسانوں کو ذبح کرنے والے اور ایسی حرکت کرنے والے مسلمان ہو ہی نہیں سکتے اور یہ سفاک عناصر پاکستانی اور انسان کے کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے شہید ہونے والے افراد کے تمام سوگواران سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔ جناب الطاف حسین نے وفاقی اور صوبائی حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ ضلع بولان کے علاقے مچھ میں مسافر بس سے 13مسافروں کو اتار کر بیدردی سے ذبح کرکے قتل کرنے کے سفاکانہ واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے ۔a