حیدر آباد میں ندی میں نہاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے 4 بچوں کی المناک ہلاکت پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا اظہار افسوس
پانی میں کرنٹ لگنے سے بچوں کی ہلاکت پر ہر شخص غمزدہ ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
ندی اور نالوں کے قریب رہائش پذیر عوام پانی سے دور رہیں، حادثات کا شدید خطرہ ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
کراچی ۔۔۔5، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر اور حق پرست رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے حیدرآباد میں ندی میں نہاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے 4بچوں کی المناک ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے ہلاک ہونے والے بچوں کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی ۔ انہوں نے کہا کہ بارش اور سیلابی کیفیت کے سبب ہونے والے حادثات نے کئی انسانی جانیں لیں لیکن 4بچوں کی پانی میں کرنٹ لگنے سے ہلاکت پر ہر شخص رنجیدہ اور غمزدہ ہے ۔ انہوں نے سندھ بھر میں ندی اور نالوں کے قریب رہائش پذیر آبادیوں کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ندی اور نالوں سے دور رہیں کیونکہ ان میں طغیانی ہے ، پانی کا بہاؤ بہت تیز ہے اور ایسے پانی میں حادثات کا شدید خطرہ ہے ۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہلاک ہونے والے بچوں کو اپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔