متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی اورحق پرست نمائندوں پرمشتمل ایم کیوایم کے وفدکی ڈاکٹرفرمان فتح پوری کی تدفین میں شرکت سوگواراہل خانہ سے ملاقات،قائدتحریک الطاف حسین کی جانب سے دلی اظہارتعزیت
ایم کیوایم کے وفدمیں ناصرجمال،واسع جلیل،سیدامین الحق اورفاروق ستارسمیت دیگرشامل تھے
کراچی۔۔۔4؍اگست2013 ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین کی ہدایت پرایم کیوایم کے رابطہ کمیٹی اورحق پرست اراکین اسمبلی پرمشتمل نمائندہ وفدنے اردوکے ممتاز ادیب ،محقق ، نقاداورماہرتعلیم ڈاکٹرفرمان فتح پوری مرحوم کی تدفین میں شرکت کی اورمرحوم کے سوگوارلواحقین سے ملاقات کرکے قائدتحریک الطاف حسین کی جانب سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہارکرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت،ان کے درجات کی بلندی اورسوگوران کے صبرجمیل کیلئے فاتحہ خوانی کی اورکہاکہ ڈاکٹرفرمان فتح پوری علم وتہذیب اوتمدن کا قیمتی سرمایہ ہی نہیں بلکہ شفیق اورمہربان شخصیات کے مالک بھی تھے جنہوں نے علم کی روشنی سے ہزاروں طلبہ وطالبات کوفیضیاب کیااورآج ہزاروں طلبہ وطالبات ایک شفیق استادسے محروم ہوگئے ۔ایم کیوایم کے وفدمیں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر انجینئرناصرجمال ،ارکان رابطہ کمیٹی واسع جلیل ، سید امین الحق ،قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈرڈاکٹرمحمدفاروق ستاراورحق پرست اراکین اسمبلی مزمل قریشی ،عدنان احمدکے علاوہ دیگرشامل تھے۔ڈاکٹرفرمان فتح پوری مرحوم کو آج بعدنماز ظہر یونیورسٹی قبرستان میں سپردخاک کیاگیاجبکہ مرحوم کی نمازجنازہ جامع مسجد درالعلوم خلفائے راشدین بلاک13-DIگلشن اقبال میں اداکی گئی۔