ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے اراکین اور حق پرست منتخب نمائندوں کے بارش سے متاثرہ علاقوں کے ہنگامی دورے
ایم کیوایم کے کارکنان، خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضا کاروں نے انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیاں انجام دیں
گاڑیوں کو دھکا لگا کر محفوظ جگہ پر کیا، بجلی کے گرے ہوئے تاروں اور کھلے ہوئے مین ہولز کے گرد حفاظتی حصار قائم کئے
متاثرین کے گھروں میں پانی داخل ہو جانے کے باعث نقصانات کا جائزہ لیا، نکاسی آب کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایت دیں
مصیبت اور دکھ کی گھڑی میں سہارا بننے پر حق پرست قیادت کے شکر گزار ہیں، متاثرین بارش
بارش سے جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو معاوضہ دیا جائے اور متاثرین کے نقصانات کا فی الفور ازالہ کیا جائے، رابطہ کمیٹی اراکین
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر صغیر احمد ، یوسف شاہوانی ، واسع جلیل اور حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے طوفانی بارش سے متاثرہ کراچی کے مختلف علاقوں کے ہنگامی دورے کئے اور ایم کیوایم کے کارکنان ، خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکاروں اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیاں انجام دیں ۔تفصیلات کے مطابق رابطہ کمیٹی کے اراکین نے اپنے دورے کے موقع مختلف شاہراہوں اور سڑکوں پر موجود پانی کی نکاسی کیلئے متعلقہ ذمہ داران سے بات کی اور انہیں فوری مشینری لیکر پہنچنے کی ہدایت کی۔انہوں نے سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث بند ہوجانے والی گاڑیوں کو دھکا لگا کر محفوظ جگہ پر کیا ، بجلی کے گرے ہوئے تاروں اور کھلے ہوئے مین ہولز کے گرد حفاظتی حصار قائم کئے ۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے مختلف بستیوں میں جاکر گھروں میں پانی داخل ہو جانے کے باعث نقصانات کا جائزہ لیا اور متاثرین کو ایم کیوایم کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین بارش کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے گھروں پر بھی گئے اور سوگواران سے قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا ۔اس موقع پربار ش متاثرین نے حق پرست منتخب نمائندوں کو اپنے درمیان پا کر جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حق پرست قیادت حکومت میں ہو یا نہیں ہو ، اس کے پاس بلدیاتی نظام موجود ہو یا نہیں ہو لیکن مصیبت زدہ اور پریشان لوگوں کیلئے عوامی خدمت کے عملی مظاہرے حق پرست قیادت کا ہی شعار ہے ۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے دورے کے موقع پر بارش متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کی ہدایت پر حق پرست منتخب نمائندے اور ایم کیوایم کے کارکنان گلی ، محلوں ، سڑکوں اور بستیوں میں موجود ہیں اور بارش متاثرین کی مدد کررہے ہیں اور متاثرین کو پریشانیوں اور مشکلات سے نکالنے کیلئے اپنا عملی کردار کررہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہاکہ سندھ حکومت اور انتظامیہ نے بارش کی پیشنگوئیوں کے باوجود شہر یو ں کے تحفظ ، نکاسی آب ، بجلی نظام کی درستگی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جس کے باعث باران رحمت شہریوں کیلئے زحمت بن گئی ہے ۔رابطہ کمیٹی کے اراکین نے طوفانی بارش کے سبب جانی و مالی نقصان پر بارش متاثرین سے دلی ہمدردی کااظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ بارش سے جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو معاوضہ دیاجائے اورمتاثرین کے نقصانات کا فی الفور ازالہ کیاجائے ۔