طوفانی بارش میں مختلف حادثات میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کا اظہار تعزیت
شہر میں طوفانی بارش نے انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کا پول کھول دیا ہے اور بلدیاتی نظام کی عدم موجودگی کا احساس دلا دیا ہے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی ۔۔۔3، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں طوفانی بارش کے باعث کرنٹ لگنے، چھتیں گرنے اور مختلف حادثات کے سبب متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شہر میں طوفانی بارش نے سندھ حکومت اور انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کا پول کھول دیا ہے اور بلدیاتی نظام کی عدم موجودگی کا احساس دلا دیا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ تیز بارش کے ساتھ ہی شہر کا نظام زندگی درہم برہم ہوجانا اور متعدد انسانی جانوں کا زیاں ہونا بلدیاتی نظام کی عدم موجودگی کا ہی ساخشانہ ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے بارش کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے مرحومین کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔