حق پرست عوامی نمائندے، سیکٹرز اور یونٹوں کے ذمہ داران اور کارکنان بارش سے متاثرہ علاقوں کا فی الفور دورہ کریں اور پریشان حال اور مشکلات میں مبتلا شہریوں کے ساتھ بھر پور مدد کریں، رابطہ کمیٹی کی ہدایت
رابطہ کمیٹی کا شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سے اظہار تعزیت
کراچی ۔۔۔3، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے حق پرست عوامی نمائندوں ، ایم کیوایم کے سیکٹر زاور یونٹوں کے ذمہ داران و کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ فی الفور اپنے اپنے علاقوں کا دورہ کریں اور موسلا دھار بارش کے باعث پریشان حال شہریوں کو مشکلات اور پریشانیوں سے نکالنے اور ان کی جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شہر میں موسلا دھار اور طوفانی بارش کے باعث متعدد افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوچکے ہیں اور کئی افراد بارش کے سبب مختلف حادثات میں زخمی ہوچکے ہیں جبکہ نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے باعث سڑکوں پر جگہ جگہ پانی کھڑا ہے ، موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بند ہوچکیں ہیں جبکہ مضافاتی علاقوں کی صورتحال بھی انتہائی ابتر ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایسی صورتحال میں حق پرست عوامی نمائندوں ، ایم کیوایم کے سیکٹر ز اور یونٹوں کے ذمہ داران کا فرض ہے کہ وہ شہریوں کی مدد کیلئے سڑکوں ، مضافاتی اور کچے کے علاقوں میں نکلیں اور بارش کے متاثرین کے ساتھ بھر پور رتعاون کریں ۔ رابطہ کمیٹی نے موسلا دھار بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے مرحومین کے بلند درجات اور لواحقین کیلئے صبر کی دعا بھی کی ۔