پروفیسر فرمان فتح پوری کے انتقال سے قوم، ایک مشفق اور ہمدرد بزرگ سے محروم ہوگئی ہے، الطاف حسین
کراچی کی کسی ایک سڑک، گلی، لائبریری یا پارک کو پروفیسر فرمان فتح پوری کے نام سے موسوم کیا جائے، حکومت سے مطالبہ
پروفیسر فرمان فتح پوری کے انتقال سے پاکستان کے عوام حق و سچ اور تہذیب کے علمبردار، علم و فن کے ماہر، تاریخ پر مکمل و جامع عبور رکھنے والے اور متعدد کتابوں کے مصنف سے محروم ہوگئے ہیں
پروفیسر فرمان فتح پوری نے زندگی کی آخری سانس تک حصول علم اور فروغ علم کا سلسلہ جاری رکھا
مرحوم کی ادبی، تدریسی اور تحقیقی خدمات اور حق و صداقت کیلئے ان کا جراتمندانہ کردار کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا
لندن۔۔۔3 ، اگست 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے معروف علمی شخصیت، دانشور، مصنف اورتاریخ داں پروفیسر فرمان فتح پوری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پروفیسر فرمان فتح پوری کے انتقال سے قوم ، ایک مشفق اورہمدردبزرگ سے محروم ہوگئی ہے ۔ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروعزیزآباد میں رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے جناب الطاف حسین نے کہاکہ پروفیسر فرمان فتح پوری کی انتقال کی خبرسن کر مجھے ذاتی طورپرصدمہ پہنچا ہے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ پروفیسر فرمان فتح پوری علم وادب کی دنیا میں نمایاں مقام رکھتے تھے، تہذیب وشائستگی ، گفتاروکرداراورمنفرد انداز گفتگو سے ہرایک کا دل موہ لینے والی شخصیت تھے ، علم وادب کے قدردانوں اور تاریخ کے طالبعلموں کیلئے وہ انتہائی محترم شخصیت تھے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ مرحوم انتہائی ملنسار، مشفق اور علم دوست شخصیت کے مالک تھے ، طلب علم اور فروغ علم سے رغبت رکھتے تھے اور انہوں نے زندگی کی آخری سانس تک حصول علم اورفروغ علم کاسلسلہ جاری رکھا۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ پروفیسر فرمان فتح پوری کے انتقال سے پاکستان کے عوام حق وسچ اورتہذیب کے علمبردار، علم وفن کے ماہر، تاریخ پر مکمل وجامع عبوررکھنے والے اورمتعدد کتابوں کے مصنف سے محروم ہوگئے ہیں ایم کیوایم کے کارکنان وعوام خصوصاً ہندوستان سے پاکستان آنے حلقوں میں ان کے انتقال کی خبرگہرے دکھ اور صدمہ کا باعث ہے ۔انہوں نے کہاکہ پروفیسر فرمان فتح پوری کی ادبی، تدریسی اور تحقیقی خدمات اور حق وصداقت کیلئے ان کاجراتمندانہ کردار کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا اور مرحوم اپنے کرداروعمل کے باعث حق پرست عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے ۔ انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ پروفیسر فرمان فتح پوری کو اپنی جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام سوگواران کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے ۔ (آمین)
جناب الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پروفیسر فرمان فتح پوری کی ادبی خدمات کے اعتراف کے طورپر کراچی کی کسی ایک سڑک ، گلی ، لائبریری یا پارک کو پروفیسر فرمان فتح پوری کے نام سے موسوم کیا جائے ۔