حالات کتنے ہی سخت اور حقائق کتنے ہی تلخ کیوں نہ ہوں ہمیں قوم کو اعتماد میں لینا چاہئے اور قوم کو اعتماد دینا چاہئے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
اقتدار ایک سویلین ہاتھ سے دوسرے سویلین کے ہاتھ میں آگیا لیکن دہشت گردی کم نہیں ہوسکی
جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں سیاسی، سماجی شخصیات، علمائے کرام، صحافی، وکلاء، تاجر، صنعتکار اور معززین شہر کے اعزاز میں دی گئی دعوت افطار کے شرکاء سے خطاب
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ حالات کتنے ہی سخت اور حقائق کتنے ہی تلخ کیوں نہ ہوں ہمیں قوم کو اعتماد میں لینا چاہئے اور قوم کو اعتماد دینا چاہئے، یہ وقت سب کو ساتھ بیٹھنے ، ساتھ لیکر چلنے اور نئی راہیں نکالنے کا ہے کیونکہ تاریخ کے بہت ناز ک دور سے گزر رہا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کی شب جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں معززین شہر کے اعزاز میں دی گئی دعوت افطار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دعوت افطار میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز، رابطہ کمیٹی کے اراکین، حق پرست اراکین پارلیمنٹرین کے علاوہ سیاسی، سماجی ، معاشی ، اقتصادی ، کاروباری ، تعلیمی ، صحافتی ، ادبی ، علمائے کرام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ دعوت افطار بلا شبہ ایک نمائندہ اجتماع ہے جس میں سوچنے ، لکھنے والے ، دانشور ، شاعر ، قلم کار اورکالم نگار کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد بھی موجود ہیں اور قائد تحریک جناب الطاف حسین اس اجتماع سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ اجتماع میں موجود سب افراد اپنی ذات کے حصار سے نکل کر اور اس سے اوپر ابھر کر اپنے اپنے مذہبی اور سیاسی عقیدوں، نظریوں اور وابستگیوں سے بالا ہوکر اپنے درمیان موجود اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر پاکستان کو موجودہ سنگین حالات سے نکالنے کیلئے مل بیٹھیں ۔ انہوں نے کہاکہ جناب الطاف حسین یہ بھی چاہتے ہیں کہ دعوت افطار کا یہ نمائندہ اجتماع پاکستانی قوم کو متحد کرنے میں اپنا رول ادا کرے ، پاکستانی قوم کے درمیان موجود غلط فلمیوں کو دور کرے اور خوش فہمیوں سے انہیں دور رکھے ۔ انہوں نے کہاکہ جناب الطاف حسین ملک کو دہشت گردی کے گرداب سے نکالنے کیلئے شروع دن سے ہی مشترکہ ، مربوط ، متفقہ انسداد دہشت گردی پالیسی بنانے پر زور دیتے آئے ہیں اور انشاء اللہ تعالیٰ پاکستانی قوم متحد رہی تو بحران اور مسائل سے جلد نکل آئے گی ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے لئے اطمینان اور خوش قسمتی کا معاملہ ہے کہ وفاق اور اس کے چاروں صوبوں میں منتخب حکومتیں موجود ہیں لیکن جمہوریت کا یہ تسلسل بھی دہشت گردی میں تعطل نہیں لا سکا ، پریشانی کی بات یہ ہے کہ اقتدار ایک سویلین ہاتھ سے دوسرے سویلین کے ہاتھ میںآ گیا لیکن دہشت گردی کم نہیں ہوسکی تاہم دہشت گردی کے خلاف ہر منتخب حکومت کو ایم کیوایم کابھر پور تعاون حاصل رہے گا۔