یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر امن و امان کے مؤثر اقدامات پر حکومت و انتظامیہ کوالطاف حسین کا زبردست خراج تحسین
یوم علیؓ کے سلسلے میں نکلنے والے جلوس بخیریت اختتام پذیر ہوئے جس پر اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے
ایم کیوایم، اپنے قیام کے دن سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کیلئے جدوجہد کررہی ہے، الطاف حسین
لندن۔۔۔31، جولائی2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے یوم شہادت حضرت علیؓ کے سلسلے میں عزاداری کے جلوسوں کیلئے پاکستان بھر میں امن وامان کے مؤثراقدامات پر حکومت وانتظامیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں یوم علیؓ انتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا اور اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں یوم علیؓ کے سلسلے نکالے والے جلوس بخیریت اختتام پذیرہوئے جس پر اللہ تعالیٰ کا جتنا بھی شکرادا کیا جائے کم ہے ۔ جناب الطاف حسین نے اس موقع پرمؤثر حفاظتی اقدامات کرنے پر حکومت بالخصوص قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان اور اہلکاروں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ، اتحاد بین المسلمین اورمذہبی رواداری پر یقین رکھتی ہے اورپاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب اورمکاتب فکر سے تعلق رکھنے والوں کو برابر کا پاکستانی تسلیم کرتی ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم ، فرقہ واریت کی بنیاد پر مسلمانوں کی تفریق اورفرقہ وارانہ فسادات کے خاتمہ کیلئے کردارادا کررہی ہے اور ایم کیوایم ، اپنے قیام کے دن سے آج تک فرقہ وارانہ ہم آہنگی اوربھائی چارے کے فروغ کیلئے جدوجہد کررہی ہے ۔