بلدیاتی فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث شہر میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر ، صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اورپارکوں کی تباہی کا نوٹس لیاجائے ، سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد ، اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری
بلدیاتی فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث شہر میں جنم لینے والے مسائل کا فی الفور ادراک نہ کرنا،ِمسلسل چشم پوشی متعصبانہ عمل ہے ، عمل شہر کو کھنڈر میں تبدیل کرنے کے مترادف ہے
شہرکی رونقوں پر قدغن لگانے اور اسے کچرا کنڈی میں تبدیل کرنے کے بجائے بلدیاتی فنڈز فی الفور جاری کئے جائیں
کراچی ۔۔۔31، جولائی 2013ء
سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد اوراپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری نے کراچی میں بلدیاتی نظام کے خاتمے کے بعد بلدیاتی فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث شہر میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر، صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور سابق حق پرست قیادت کے دور میں تعمیر کئے جانے والے پارکوں کی تباہی پر کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث جگہ جگہ کچرا کنڈیاں بن چکی ہیں جن میں مختلف حشرت الارض کی افزائش ہورہی ہے تاہم اس کے باوجود شہری جراثیم کش اسپرے کی سہولت تک سے بھی محروم ہیں اور مختلف وبائی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق حق پرست بلدیاتی قیادت کے دور میں لاکھوں،کروڑوں روپے کے فنڈز سے بنائے گئے کھیل ، تفریحی اور فیملی پارکس اجڑ چکے ہیں جو انتظامیہ کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کے باعث اوباش لڑکوں کی آماجگاہ میں تبدیل ہوچکے ہیں اور عدم دیکھ بھال کے باعث پارکوں کو بھی کچرا کنڈیوں کی شکل دی جارہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں بلدیاتی فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث جنم لینے والے مسائل کا فی الفور ادراک نہ کرنا،اس سے مسلسل چشم پوشی متعصبانہ عمل ہے،یہ عمل شہر کو کھنڈر میں تبدیل کرنے کے مترادف ہے ۔سید سردار احمد اور فیصل سبزواری نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ شہر میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر ، صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور پارکوں کی تباہی کا فی الفور نوٹس لیاجائے اور بلدیاتی فنڈزفی الفورجاری کرکے شہرکی رونقوں پر قدغن لگانے اور اسے کچرا کنڈی میں تبدیل کرنے کا متعصبانہ عمل فی الفور بند کیاجائے ۔