ہمیں ملک کو آگے لے جانے کیلئے کام کرنا ہوگا، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار
الطاف بھائی! آپ نے ملک سے کرپشن کے خاتمہ کی بات کرکے میاں نواز شریف کی اعلانیہ پالیسیوں کی مکمل ترجمانی کی ہے
مسلم لیگ کے امیدوار کی غیر مشروط حمایت پر وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہیں، اسحاق ڈار
نائن زیرو آمد پر جس طرح میرا استقبال کیا گیا وہ انتہائی خوش کن مرحلہ تھا، صدارتی امیدوار ممنون حسین
آپ نے جو باتیں کی ہیں ان سے کسی بھی پاکستانی کو اختلاف نہیں ہوسکتا، وزیر اطلاعات پرویز رشید
مسلم لیگی رہنماؤں کی نائن زیرو پر جناب الطاف حسین سے ٹیلی فون پر گفتگو
تصاویر
کراچی ۔۔۔26،جولائی2013ء
وفاقی وزیرخزانہ جناب اسحاق ڈار نے جناب الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگی صدارتی امیدوار جناب ممنون حسین کی حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک کودرپیش جن چیلنجز کا آپ نے تذکرہ کیا ان سے ہم بھی واقف توضرور تھے تاہم اقتدار میں آکر ان بحرانوں کی اصل سنگینی سامنے آئی ہے ۔ چند سال قبل جو قرضے تین ہزار ارب کے تھے وہ اب بڑھ کر ساڑھے چودہ ہزار ارب کے ہوچکے ہیں ۔ ملک کو نوٹ چھاپ کراب نہیں چلایا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ الطاف بھائی! آپ نے ملک سے کرپشن کے خاتمہ کی بات کرکے ہمارے دلی جذبات اور میاں نواز شریف کی اعلانیہ پالیسیوں کی مکمل ترجمانی کی ہے ۔ ہماری اورآپ کی سوچ اورپالیسیوں میں کوئی فرق نہیں ہے۔ ملک میں الیکشن ہوچکے ہیں اور اب آئندہ انتخابات پانچ سال بعد ہونگے ۔ اب ہمیں ملک کو آگے لے جانے کیلئے کام کرنا ہوگا۔ ہمیں ملک کو معاشی بحران ، دہشت گردی اورتوانائی کے بحران سے نکالنا ہے ، ملک سے غربت ، بے روزگاری اوردہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے اور تمام چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم نے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار کی غیرمشروط حمایت کی ہے جس پر ہم آپ کا اور آپ کی جماعت کا وزیراعظم میاں نواز شریف اورمیاں شہباز شریف کی طرف سے بھی شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ ممنون حسین صاحب کاتعلق بھی کراچی سے ہے اور وہ ملک ، صوبہ اور شہر کی خدمت کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم نے وزیراعظم کے انتخاب میں بھی میاں نوازشریف کی غیرمشروط حمایت کی تھی جس کاشکریہ ہم پرادھار تھا اور ہم آج اس کا بھی شکریہ ادا کرنے آئے ہیں۔اس موقع پر مسلم لیگ کی جانب سے صدارتی امیدوار جناب ممنون حسین نے جناب الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی جانب سے حمایت کئے جانے پر شکریہ ادا کیا اور کہاکہ نائن زیرو آمد پر جس طرح میرا استقبال کیا گیا وہ انتہائی خوش کن مرحلہ تھا۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ وہ منتخب ہونے کے بعد وفاق کے نمائندے کی حیثیت سے کسی ایک جماعت کے بجائے ملک کے تمام علاقوں اور عوام کی بلاامتیاز خدمت کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ میرا تعلق سندھ اور کراچی سے ہے اور اس حیثیت میں میری کوشش ہوگی کہ صوبہ اور شہر کے عوام کی خدمت کروں۔
وزیراطلاعات جناب پرویزرشید نے بھی مسلم لیگ کے صدارتی امیدوار کی حمایت کرنے پر جناب الطاف حسین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ الطاف بھائی !جس کھلے دل سے آپ نے ہم سے باتیں کی ہیں اسی کھلے دل سے ہم آج نائن زیرو پر آئے ہیں اور آپ نے جو باتیں کی ہیں ان سے کسی بھی پاکستانی کو اختلاف نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہاکہ میں دعا گو ہوں کہ ہم اور آپ جلد ہی مل کر بیٹھیں اور ساتھ بیٹھ کر حلیم کھائیں۔