دہشت گردوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونیوالے شعبہ ٹرانسپورٹ کے رکن محمد اشرف دوران علاج جام شہادت نوش کرگئے
محمد اشرف کو پانچ گولیاں لگی تھیں اور وہ شدید زخمی حالات میں عباسی شہید اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج تھے
درندہ صفت دہشت گردوں نے موٹر سائیکل پر آگے بیٹھے چھوٹے بیٹے کو بھی نہیں بخشا اور انہیں بھی دو گولیاں لگیں
شعبہ ٹرانسپورٹ کے رکن محمد اشرف کو فائرنگ کر کے قتل کرنے پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
شہید کو پاپوش نگر قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا
نماز جنازہ و تدفین میں رابطہ کمیٹی کے رکن اسلم آفریدی، کراچی تنظیمی کمیٹی کے ارکان، حق پرست ارکان اسمبلی و دیگر کی شرکت
کراچی ۔۔۔25 ، جولائی2013ء
گزشتہ روزناظم آبادپاپوش نگرکے علاقے میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے شدیدزخمی ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ مرکزی شعبہ ٹرانسپورٹ کے رکن38 سالہ محمداشرف ولدعبدالرحیم کراچی کے نجی اسپتال میں دوران علاج جام شہادت نوش کرگئے۔متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم شعبہ ٹرانسپورٹ کے رکن محمداشرف کومسلح دہشت گردوں کی جانب سے شدیدفائرنگ کرکے قتل کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوراسے شہرکاامن خراب کرنے کی گھناؤنی سازش قراردیاہے۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ امن دشمن دہشت گرد ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ایم کیوایم کے کارکنان وہمدردشہریوں کودہشت گردی کانشانہ بنارہے ہیں تاکہ ایک طرف شہرکاامن خراب کیاجاسکے اوردوسری طرف شہرمیں امن وامان کی صورتحال کوجوازبناکرملک کوغیرمستحکم اورکمزورکیاجاسکے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ رواں ماہ کے دوران ایم کیوایم کے درجنوں کارکنان کوقتل وغارتگری کانشانہ بنایاگیاتاہم آج تک کسی بھی قاتل کوگرفتارنہیں کیاجاسکاجواس بات کاثبوت ہے کہ شہرمیں دہشت گردوں کو سرکاری سرپرستی حاصل ہے۔رابطہ کمیٹی نے محمداشرف کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اورشہیدکے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے انہیں صبرکی تلقین کی۔رابطہ کمیٹی نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ محمداشرف شہیدکوجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اورسوگوارلواحقین کوصبرجمیل عطافرمائے۔رابطہ کمیٹی نے گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباداوروزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے مطالبہ کیاکہ محمداشرف کے بہیمانہ قتل کاسنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اورقتل کی واردات میں ملوث دہشت گردوں کوگرفتارکرکے عبرتناک سزادی جائے۔علاوہ ازیں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے متحدہ قومی موومنٹ مرکزی شعبہ ٹرانسپورٹ کے رکن محمد اشرف کو سینکڑوں آہوں سسکیوں کے درمیان پاپوش نگر قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ شہید کی نماز جنازہ بعد نماز عصرجامع مسجد نور اسلام اورنگی ٹاؤن میں اداکی گئی ۔ نماز جنازہ و تدفین میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن اسلم آفریدی، کراچی تنظیمی کمیٹی کے ارکان، حق پرست اراکین اسمبلی، علاقائی سیکٹرزیونٹس کے ذمہ داران وکارکنان اور شہید کے عزیز اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔