ایم کیو ایم شعبہ ٹرانسپورٹ کے رکن محمد اشرف پر فائرنگ کے واقعے پر رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت فائرنگ سے محمد اشرف اور ان کے کمسن صاحبزادے شدید زخمی
محمد اشرف پر فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کو فی الفورگرفتار کیا جائے
کراچی۔۔۔۔23جولائی 2013
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مسلح دہشت گردوں کی جانب سے ایم کیوایم شعبہ ٹرانسپورٹ کے رکن محمد اشرف پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور واقعے کو کھلی دہشت گردی قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ محمد اشرف جوکہ قصبہ کالونی کے رہائشی ہیں آج صبح اپنی اہلیہ کو ان کے دفتر چھوڑنے کے بعد اپنے بیٹے کے ہمراہ واپس گھر جارہے ھے کہ ناظم آباد بورڈ آفس کے قریب مسلح دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی جس سے محمد اشرف اور ان کے کمسن صاحبزادے کبیر شدید زخمی ہوگئے دونوں کو فوری طورپر عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔رابطہ کمیٹی کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ شہر میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے جہاں دہشت گرد آزاد انہ طور پر دندناتے پھر رہے ہیں بلکہ قتل و غارتگری کا بازار گرم کرنے میں مصروف عمل ہیں اور محمد اشرف پر فائرنگ کا واقعہ بھی اسی سلسلے کا تسلسل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔رابطہ کمیٹی نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ محمد اشرف پر فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کو فی الفورگرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے محمد اشرف اور ان کے صاحبزادے کبیر کی جلد و مکمل صحتیابی کیلئے بھی دعا بھی کی ہے ۔