مسلم امہ کے تمام مکاتب فکر کیلئے حضرت بی بی زینبؓ کا روضہ پاک انتہائی قابل تعظیم مقام ہے، اراکین رابطہ کمیٹی
الطاف حسین نے ملت اسلامیہ کو جھنجھوڑ کر ثابت کردیا ہے کہ وہ نتائج کی پرواہ کئے بغیر باطل قوتوں کے ناپاک مقاصد کے آگے سیسہ پلائی دیوار ہیں
ایم کیوایم ملیر، پاک کالونی، نارتھ کراچی اور سوسائٹی سیکٹرز میں منعقد کی گئی علیحدہ علیحدہ دعوت افطار کی تقاریب سے خطاب
کراچی ۔۔۔22، جولائی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہا ہے کہ شام میں دہشت گردوں کا حضرت بی بی زینبؓ کے روضہ پاک پر حملہ مسلم امہ کی غیر وحمیت کو للکارنے کے مترادف ہے اور قائدتحریک جناب الطاف حسین نے حضرت بی بی زینبؓ کے روضہ مبارک پر حملہ کے خلاف ملت اسلامیہ کو جھنجھوڑ کر ثابت کردیا ہے کہ وہ نتائج کی پرواہ کئے بغیر باطل قوتوں کے ناپاک اور مذموم مقاصد کے آگے سیسہ پلائی دیوار ہیں ۔ان خیالات کااظہار ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین احمد سلیم صدیقی ، خالد سلطان ، عادل خان اور اسلم آفریدی نے ایم کیوایم ملیر ، پاک کالونی ، نارتھ کراچی اور سوسائٹی سیکٹرز میں منعقد کی گئیں علیحدہ علیحدہ دعوت افطار کی تقاریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ افطار پارٹیوں میں تاجر ، صنعتکار ، پروفیسرز ، ڈاکٹرز ، انجینئرز ، صحافی ، وکلاء ، معززین علاقہ ، علمائے کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات سمیت حق پرست ارکان قومی اسمبلی ساجد احمد ، خواجہ سہیل منصور ، عبد الوسیم ، علی رضا عابدی ،محترمہ کشور زہرا، رشید گوڈیل ، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی اشفاق منگی ، ندیم زہری ، عبدا لحسیب ، اظہار الحسن ، وسیم قریشی اور ارشد وہرہ نے شرکت کی ۔رابطہ کمیٹی کے اراکین نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائدتحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم کے خلاف نیشنل اور انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ گھناؤنی سازش میں مصروف ہیں لیکن ایسے وقت میں بھی جناب الطاف حسین نے اتحاد بین المسلمین کو نقصان پہچانے کی سازش کو نہ صرف بے نقاب کیا بلکہ حضرت بی بی زینب کے روضہ مبارک پر حملے پرآواز احتجاج بلند کی۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ ملت اسلامیہ کے تحفظ کے دعویدار وں اور نام نہاد جہاد کے علمبرداروں کی جانب سے حضرت بی بی زینبؓ کے روضہ پاک پر دہشت گردوں کے حملہ پر ردعمل ظاہرنہ کرنے اور مجرمانہ خاموشی کے مظاہرے کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہاکہ مسلم امہ کے تمام مکاتب فکر کیلئے حضرت بی بی زینبؓ کا روضہ پاک انتہائی قابل تعظیم مقام ہے اور اس پر مسلم امہ کے مسالک کی جانب سے خاموشی اختیار کرنا اور کھل کر اس کی مذمت نہ کرنا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ مسلم امہ تنزلی ، بدحالی اور سازشوں کا شکار ہے اور ایسے حالات میں جناب الطاف حسین نے سب سے پہلے حضرت بی بی زینبؓ کے روضہ مبارک پر حملہ کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ ملت اسلامیہ اور اتحاد بین المسلمین کیلئے عملی طور پر کوشاں ہیں اور اس کیلئے ماضی بھی نہ صرف جدوجہد کرتے رہے ہیں بلکہ فرقہ وارانہ فسادات کی سازشوں کا ناکام بنا کر مسلم امہ کے تمام مسالک کے درمیان پیار ، محبت اور اخوت کے پیغام کو عام کرتے چلے آئے ہیں ۔