جناب الطاف حسین نے سیاست میں آنے سے قبل دکھی انسانیت کی عملی خدمت انجام دی ، اراکین رابطہ کمیٹی
ایم کیوایم کورنگی ،نیوکراچی،لائنزایریا اور لیاری سیکڑز کے اہتمام منعقدہ علیحدہ علیحدہ دعوت افطار کے شرکاء سے خطاب
رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے دعوت افطار کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز ایم کیوایم کورنگی ،نیوکراچی،لائنزایریا اور لیاری سیکٹرز کے زیراہتمام علیحدہ علیحدہ دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا جن میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین احمد سلیم صدیقی،عادل خان ،اسلم آفریدی علاوہ ایم کیوایم کے ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدردوں ، تاجروں، دکانداروں اور معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پرقومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار، حق پرست ارکان قومی وصوبائی ا سمبلی کامران خان، علی رضاعابدی،عبدالوسیم ،عامر معین پیرزادہ، شیراز وحید، سید سردار ،ارشدعبداللہ وھرہ اور ایم کیوایم کراچی تنظیمی کمیٹی کے انچارج و اراکین بھی موجود تھے ۔ ایم کیوایم کورنگی سیکٹر کے تحت دعوت افطار کا اہتمام سیکٹر آفس سے متصل پارک 1، ایم کیوایم نیوکراچی سیکٹر کے زیرا ہتمام افطار پارٹی گلفام لان،ایم کیوایم لائنز ایریا سیکٹر کے زیر اہتمام افطارپارٹی کھیتوں والا اسکول نزد سیکٹر آفس جبکہ ایم کیوایم لیاری سیکٹر کے تحت دعوت افطار کا اہتمام گھانچی ہال نزد سیکٹر آفس پر کیا گیا ۔ افطار پارٹیوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے ارکان نے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور جناب الطاف حسین ملک کی واحد شخصیت ہیں جنہوں نے سیاسی میدان میں آنے سے قبل دکھی انسانیت کی عملی خدمت انجام دی ہے ۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان نے کہا رمضان کا مقدس مہینہ مسلمانوں کو امن و سلامتی اور دکھی انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے ، رمضان المبارک کا مہینہ اللہ تعالیٰ کی رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کا مہینہ ہے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اس بابرکت مہینے میں اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کو زیادہ سے زیادہ حاصل کریں۔