آہ زینبؓ
(نواسیء رسولؐ حضرت سیدہ زینبؓ کے روضہ پرحملہ پر اظہارمذمت)
زینبؓ ترے مزار پہ بارود پھینک کر
ظالم سمجھ رہے ہیں فتح یاب ہوگئے
کتنے فنا ہوئے اسی خناس کو لئے
ذلت کے بحر میں کئی غرقاب ہوگئے
آلِ رسولِ پاکؐ پہ اب بھی اسی طرح
ہے لشکرِ یزید پھر اک بار حملہ زن
پھر دستِ اہلِ شمر ہے آمادہء ستم
پھر قتل ہورہے ہیں صحابہؓ کے بھی بدن
لگتا ہے اب بھی خوف ہے آلِ یزید کو
زینبؓ کے عزم و جرات و ہمت کے نام سے
کرکے تباہ روضہء زینبؓ کو آج پھر
وہ گرگئے ہیں پھر سے بشر کے مقام سے
نہ کم ہوئی تھی اور نہ کم ہوسکے گی آج
آلِ رسولِ پاکؐ کی عظمت خدا گواہ
کل بھی ذلیل و رسوا ہوئے اہلیانِ شمر
اب بھی نصیب ہوگی یہ ذلت خدا گواہ
مصطفےٰ ؔ عزیزآبادی
(لندن۔۔۔۱۹ جولائی ۲۰۱۳ ء)