پیپلزپارٹی کے رہنمااورسابق وزیرداخلہ سینیٹررحمن ملک کی لندن میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی سے ملاقات
ملاقات میں مجموعی سیاسی حالات خصوصاً سندھ کی صورتحال ، ایم کیوایم پیپلزپارٹی تعلقات اورباہمی دلچسپی کے مختلف امورپر تفصیلی تبادلہ ء خیال
سینیٹررحمن ملک نے صدرآصف علی زرداری کی جانب سے جناب الطاف حسین کیلئے خیرسگالی کاپیغام پہنچایااور نیک خواہشات کااظہارکیا
رحمن ملک نے پیپلزپارٹی کی قیادت کی جانب سے ایم کیوایم کوایک بارپھرحکومت میں شمولیت کی دعوت دی
سندھ میں امن ،استحکام اورجمہوری نظام کے وسیع ترمفادمیں دونوں جماعتوں کوایک دوسرے کے ساتھ تعاون اورملکر کام کرنا چاہیے۔رحمن ملک
ایم کیوایم حکومت میں شامل ہویانہ ہو ملک خصوصاًسندھ میں امن واستحکام ، جمہوریت کے فروغ اورخطہ میں استحکام کیلئے ایم کیوایم اورپیپلزپارٹی کے درمیان بہترتعلقات، باہمی رابطوں اورتعاون کاسلسلہ جاری رہناچاہیے ۔ندیم نصرت
صدارتی انتخاب کے شیڈول پر نظرثانی ہونی چاہیے۔رحمن ملک اورایم کیوایم کے رہنماؤں میں اتفاق
ملاقات میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرندیم نصرت،رابطہ کمیٹی کے ارکان طارق جاوید، کنورنوید، محمدانور،واسع جلیل، محمداشفاق، مصطفےٰ عزیزآبادی اورقاسم علی رضاشریک تھے
لندن ۔۔۔19 جولائی 2013ء
پاکستان پیپلزپارٹی کے وائس پریزیڈینٹ برائے اوورسیزاورسابق وزیرداخلہ سینیٹررحمن ملک نے آج ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرندیم نصرت،رابطہ کمیٹی کے ارکان طارق جاوید، کنورنوید، محمدانور، واسع جلیل، محمداشفاق، مصطفےٰ عزیزآبادی اورقاسم علی رضاشریک تھے ۔ سینیٹررحمن ملک نے صدرآصف علی زرداری کی جانب سے جناب الطاف حسین کیلئے خیرسگالی کاپیغام پہنچایااور نیک خواہشات کااظہارکیا ۔انہوں نے ملک اورجمہوری
نظام کے استحکام کیلئے جناب الطاف حسین کے کردارکوسراہا۔ ملاقات میں پاکستان کے مجموعی سیاسی حالات خصوصاً سندھ کی صورتحال ، ایم کیوایم پیپلزپارٹی تعلقات اورباہمی دلچسپی کے مختلف امورپر تفصیلی تبادلہ ء خیال کیا گیا ۔ سینیٹررحمن ملک نے پیپلزپارٹی کی قیادت کی جانب سے ایم کیوایم کوایک بارپھرحکومت میں شمولیت کی دعوت دی اوراس مؤقف کااظہارکیاکہ ایم کیوایم اورپیپلزپارٹی ماضی میں بھی امن واستحکام اورجمہوریت کے فروغ کیلئے ایک ساتھ کام کرچکی ہیں اوراب بھی سندھ میں امن ،استحکام اورجمہوری نظام کے وسیع ترمفادمیں دونوں جماعتوں کوایک دوسرے کے ساتھ تعاون اورملکر کام کرنا چاہیے ۔رابطہ کمیٹی کی جانب سے گفتگوجاری رکھنے پر اتفاق کیاگیااوراس بات کااعادہ کیاگیاکہ ایم کیوایم حکومت میں شامل ہویانہ ہو ملک خصوصاًسندھ میں امن واستحکام ، جمہوریت کے فروغ اورخطہ میں استحکام کیلئے ایم کیوایم اورپیپلزپارٹی کے درمیان بہترتعلقات کیلئے باہمی رابطوں اورتعاون کاسلسلہ جاری رہناچاہیے ۔ ملاقات میں آئندہ صدارتی انتخابات کے موضوع پر بھی گفتگوہوئی اور اس بات پر اتفاق کیاگیاکہ صدارتی انتخاب کے شیڈول پر نظرثانی ہونی چاہیے اورصدارتی انتخاب قومی وصوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پرضمنی انتخابات کے بعد منعقدہونے چاہئیں۔رابطہ کمیٹی نے سینیٹررحمن ملک کوانکے صاحبزادے عمر رحمان کے ایکچوریئل سائنسز میں گریجویشن کرنے پرقائدتحریک الطاف حسین کی جانب سے مبارکباد پیش کی اوران کیلئے نیک تمناؤں کااظہارکیا۔