بلدیاتی اداروں سمیت دیگر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا نوٹس لیا جائے، اراکین سندھ اسمبلی
سندھ حکومت کی جانب سے فنڈز روکے جانے کے باعث سرکاری ملازمین گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں
تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث ان کے گھریلو خرچ، بچوں کی اسکول فیس اور روزمرہ کے دیگر معمولات زندگی شدید متاثرہیں
تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث سرکاری ملازمین احتجاج پر مجبور ہیں اور خود سوزی جیسے اقدامات کررہے ہیں
بلدیاتی اداروں سمیت سرکاری محکموں کے ملازمین کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز فراہم کیے جائیں
کراچی:۔۔۔۔17؍جولائی2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے سندھ حکومت کی جانب سے فنڈزروکے جانے کے باعث بلدیاتی اداروں سمیت مختلف سرکاری ملازمین کو گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پرگہری تشویش کا اظہار کیاہے اورمطالبہ کیاہے کہ سرکاری ملازمین کوعید الفطر سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پرفنڈز فراہم کیے جائیں۔ایک بیان میں اراکین سندھ اسمبلی نے کہاکہ سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی ملازمین سمیت مختلف سرکاری محکموں کے فنڈز روکے جانے کے باعث ان اداروں کے ملازمین گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جبکہ تنخواہوں کے عدم ادائیگی کے باعث ان کے گھریلوخرچ،بچوں کی اسکول فیس اورروزمرہ کے دیگر معمولات زندگی شدیدمتاثرہیں جس کے باعث ملازمین شدیدپریشانی اورذہنی کیفیت کاشکارہیں اوروہ اپنی سفیدپوشی برقراررکھنے کیلئے فاقہ کشی کی کربناک زندگی گزارنے پرمجبورہیں۔اراکین سندھ اسمبلی نے کہاکہ ایک جانب سے سرکاری ملازمین کو گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہیں ادانہیں کی جارہی ہیں اورفنڈزروکے جانے سے اداروں میں کام ٹھپ ہوکررہ گیاہے اورشہرمیں جاری ترقیاتی کام تعطل کاشکارہیں جبکہ دوسری جانب سرکاری ملازمین تنخواہوں کے حصول کیلئے احتجاج پرمجبورہیں اورخودسوزی کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عیدالفطرکی آمدکے موقع پرملازمین کوتنخواہوں سے محروم رکھناسراسرناانصافی اورانہیں عیدکی خوشیوں سے محروم رکھنے کے مترادف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔اراکین سندھ اسمبلی نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیاکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کانوٹس لیاجائے اوربلدیاتی اداروں سمیت سرکاری محکموں کے ملازمین کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز فراہم کیے جائیں۔