کراچی کے بارے میں آئی جی خیبر پختونخوا کا بیان متعصبانہ اور کھلی کراچی دشمنی کے مترادف ہے۔ حق پرست ارکان سندھ اسمبلی متحدہ قومی موومنٹ
کراچی میں حالات خوشگوار تو نہیں مگر اللہ کا کرم ہے کہ پشاور جیسے قیامت خیز بھی نہیں
ہماری بھی دعا ہے کہ پشاور میں امن و سکون ہو، مسجدیں، مزارات، علاقے، بازار محفوظ ہوں، بچیوں کے اسکول مساجد اور امام بارگاہوں کو بموں سے نہ اڑایا جا رہا ہو، معصوم نمازیوں کو خودکش حملوں کے ذریعے شہید نہ کیا جا رہا ہو
کراچی کے بارے میں متعصبانہ بیان دیتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا کو شرم آنی چاہیے
کراچی ۔۔۔16 جولائی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان سندھ اسمبلی نے کراچی کے بارے میں صوبہ خیبرپختونخوا کے آئی جی کے بیان کومتعصبانہ اورکھلی کراچی دشمنی کے مترادف قراردیاہے۔ اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ آئی جی خیبرپختونخوا کا کراچی کے بارے میں اپنے بیان میں کہناہے کہ’’اللہ نہ کرے کہ پشاور میں کراچی جیسے حالات ہوں‘‘ ایم کیوایم کے ارکان اسمبلی نے کہاکہ ہماری بھی یہ دعاہے کہ پشاور میں امن ہو، خوشحالی ہو، مسجدیں، مزارات ،علاقے ، بازار، شہرپرسکون ہوں، محفوظ ہوں، بچیوں کے اسکول بموں سے نہ اڑائے جارہے ہوں، نمازپڑھتے ہوئے معصوم نمازیوں کوخودکش حملوں کے ذریعے شہید نہ کیا جارہا ہو، مساجد اور امام بارگاہوں کو بموں سے نہ اڑایا جارہا ہو۔ یہ ہماری دعاہے ۔حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نے کہاکہ اللہ کاکرم ہے کراچی میں حالات خوشگوار تونہیں مگر پشاور جیسے قیامت خیز بھی نہیں۔ آپ جیسے متعصب افسران نے ہی نفرت کی آگ بھڑکائی، ملک کونفر ت کی دہلیزپر لائے ، ملک کوٹکڑے ٹکڑے کیا۔ آپ کوبیان دیتے ہوئے شرم آنی چاہیے تھی، رمضان المبارک کے مہینے میں آپ نے سفید جھوٹ بولاہے۔خداکومانیں، اللہ سے معافی مانگیں، خداکے حضورتوبہ کریں، اللہ آپ کومعاف فرمائے ورنہ پشاور کے معصوم بچے بچیاں جوشہید ہوئے ،بزرگ، خواتین،مرداورنوجوان جوشہیدہوئے ، روزمحشران کے ہاتھ آپ کے گریبان پر ہوں گے۔