گینگ وار کے دہشت گردوں کی کاروائیوں کے باعث کچھی برادری کی اتنی بڑی تعداد میں نقل مکانی اس صدی کا پہلا واقعہ ہے،جبکہ دہشت گردوں کی سرکاری سرپرستی بھی قابل مذمت ہے، ڈاکٹر فاروق ستار
کسی بھی زبان، مسلک یا مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد اگر مشکلات میں ہوں تو قائد تحریک سب سے پہلے آواز حق بلند کرتے ہیں، یوسف شاہوانی
ملیر کھوکھراپار میں لیاری سے نقل مکانی کرنے والے کچھی برادری کے افراد کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر سے اظہار خیال
ٍقومی اسمبلی میں حق پرست پارلیمانی لیڈرڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم نے سنا تھا کہ زلزلہ یا کسی آفات کے باعت نقل مکانی کی جاتی ہے لیکن گینگ وار کے دہشت گردوں کی کاروائیوں کے باعث معصوم کچھی برادری کی اتنی بڑی تعداد میں نقل مکانی اس صدی کا پہلا واقعہ ہے ،جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں ساتھ ہی دہشت گردوں کی سرکاری سرپرستی بھی قابل مذمت ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کے فلاحی ادارے خد مت خلق فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام لیاری گینگ وار کی دہشت گرد کاروائیوں کے باعث لیاری سے بڑی تعداد میں ملیر کھوکھرا پار نقل مکانی کرنے والے کچھی برادری کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پرکیا۔اس موقع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن یوسف شاہوانی ،حق پرست سینیٹر بابر خان غوری،ممبر قومی اسمبلی ساجد احمد ،رکن سندھ اسمبلی اشفاق منگی،کراچی تنظیمی کمیٹی اورکراچی مظافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے ذمہ داران سمیت لیاری سے نقل مکانی کرنے والے کچھی برادری کے بزرگ،ماؤں بہنوں اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آج اس پروگرام کا مقصد یہ ہے کہ ہم کچھی برادری کو طبی وامدادی سامان کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان سے مکمل اظہا ر یکجہتی بھی کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ اگر ریاست کے اندر ریاست بنا کر بستیاں اجاڑنے والے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی نہ کی گئی اور اس ظلم و ستم کو ختم نہ کیا گیا تو پھر کراچی کے عوام اپنا فیصلہ خود کرنے میں آزاد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بستیاں اجاڑنے والے ہیں اور ہم بستیاں بسانے والے لوگ ہیں کچھی برادری پر ظلم کے خلاف سب سے پہلے قائد تحریک جناب الطاف حسین نے آواز اٹھائی اورہمیشہ اٹھاتے رہیں گے۔رکن رابطہ کمیٹی یوسف شاہوانی نے کہا کہ ملک کے کسی حصے میں کسی بھی زبان ،مسلک یا مذمہب سے تعلق رکھنے والے افراد اگر مشکلات میں ہوں تو سب سے پہلے قائد تحریک ان کے لئے اپنی آواز کو بلند کرکے انہیں انصاف دلواتے ہیں ۔ سینیٹر بابر خان غور ی نے کہا کہ بد قسمتی سے آج ہم اپنے شہر میں دربدر پھر رہے ہیں اور دہشت گرد با آسانی پورے شہر میں دندناتے پھر تے ہیں۔کچھی برادری کا پاکستان بننے میں بہت اہم کردار ہے لیکن آج وہی لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ دنیامیں جیت ہمیشہ مظلوم کی ہوتی ہے اوریہ سلسلہ تاقیامت جاری رہے گاہم مل کر سازشوں کو ناکام بنائیں گے اور ایک بار پھر کراچی کو پر امن شہر بنائیں گے۔ممبر قومی اسمبلی ساجد احمد نے کہا کہ ہمیں جناب الطاف حسین کی خصوصی ہدایت ہے کہ کچھی برادری کے افراد کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں ۔رکن سندھ اسمبلی اشفاق منگی نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے یہ شہر سب کو روز گار فراہم کرتا ہے لیکن چند دہشت گردوں کے باعث ہم اپنے شہر میں محفوظ نہیں،ہمارے کچھی بھایؤں کو گھروں سے بے دخل کیا جارہا ہے ان پر ظلم کیا جارہا ہے اور حکومت خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔قبل ازیں رکن اسمبلی اشفاف منگی نے خد مت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے قائم کئے گئے طبی کیمپ کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کرکے ان کی داد رسی کی۔