گینگ وارکے جانب سے ایم کیوایم پاک کالونی سیکٹرکے کارکن خورشیدبیگ کواغواء کرکے بے دردی سے قتل کرنے پررابطہ کمیٹی کااظہارمذمت
خورشیدبیگ کے بہیمانہ قتل کا نوٹس لیاجائے اورقتل میں ملوث گینگ وارکے دہشت گردوں کوگرفتارکرکے عبرتناک سزادی جائے،رابطہ کمیٹی
خورشیدبیگ شہیدکی تدفین میں رابطہ کمیٹی ،منتخب نمائندوں اوردیگرذمہ داران کی شرکت شہیدکے سوگوارلواحقین سے اظہارتعزیت
کراچی۔۔۔11 جولائی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے گینگ وارکے مسلح دہشت گردوں کی جانب سے ایم کیوایم پاک کالونی سیکٹریونٹ191کے کارکن خورشیدبیگ کواغواء کرکے بہیمانہ تشددکانشانہ بناکربے دردی سے قتل کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوراسے شہرکاامن خراب کرنے کی گھناؤنی سازش قراردیتے ہوئے مطالبہ کیاکہ خورشیدبیگ کواغواء کرکے قتل کرنے کاسنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اورقتل کی واردات میں ملوث گینگ وارکے دہشت گردوں کوگرفتارکرکے عبرتناک سزادی جائے۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت شہرکاامن خراب کرنے اورایم کیوایم کوختم کرنے کیلئے جرائم پیشہ عناصرکواستعمال کیاجارہاہے اور انہیں کھلی چھوٹ دیکرایم کیوایم کے نہتے معصوم کارکنان کو قتل وغارتگری کانشانہ بنایاجارہاہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ رواں ماہ کے دوران درجن سے زائدکارکنان کو دہشت گردی کانشانہ بناکربے دردی سے قتل کیاجاچکاہے تاہم آج تک کسی ایک بھی قاتل کوگرفتارنہیں کیاجاسکا۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گینگ وارکے جانب سے پاک کالونی سیکٹرکے کارکن خورشیدبیگ کے اغواء کے بعدبہیمانہ قتل بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جس کا مقصد شہرکاامن خراب کرناہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ خورشیدبیگ گزشتہ 6جولائی سے اچانک لاپتہ ہوگئے تھے اورآج پانچ روزبعدکھارادرکے علاقے سے انکی تشدزدہ لاش ملی ہے۔رابطہ کمیٹی نے خورشیدبیگ شہیدکی مغفرت،ان کے درجات کی بلندی اورتمام سوگوارلواحقین کے صبروجمیل کیلئے دعاکی ۔رابطہ کمیٹی نے شہیدکے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہارکرتے ہوئے انہیں صبرکی تلقین کی۔رابطہ کمیٹی نے صدرمملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار ،گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد،وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے مطالبہ کیاکہ ایم کیوایم پاک کالونی سیکٹرکے کارکن خورشیدبیگ سمیت تمام کارکنان کے قتل کانوٹس لیا جائے اورقتل وغارتگری کی وارداتوں میں ملوث دہشت گردوں کوگرفتارکرکے عبرتناک سزادی جائے۔
دریں اثناء خورشیدبیگ شہیدکوسینکڑوں سوگواران کی آہوں اورسسکیوں کے درمیان پاپوشنگرقبرستان میں سپردخاک کردیاگیا،شہیدکی نمازجنازہ عیدگاہ گراؤنڈ میں اداکی گئی نمازجنازہ اورتدفین میں ایم کیوایم کی رابط کمیٹی کے رکن اسلم آفریدی،حق پرست رکن سندھ اسمبلی عبدالحسیب،سائیٹ ٹاؤن کے سابق ناظم اظہاراحمد،کراچی تنظیمی کمیٹی کے ارکان،علاقائی سیکٹرزویونٹ کمیٹیوں کے ذمہ داران،کارکنان ،ہمدردوں اورشہیدکے عزیزواقارب نے بڑی تعدادمیں شرکت کی ۔