کچھی برادری کے قتل عام میں ملوث لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے، رابطہ کمیٹی
کچھی برادری کو جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جائے، رابطہ کمیٹی
وفاقی و صوبائی حکومت کچھی برادری کی آباد کاری کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات بروئے کار لائے
کراچی:۔۔۔10،جولائی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیاہے کچھی برادری کے قتل عام میں ملوث لیاری گینگ وارکے دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزادی جائے اور لیاری کی کچھی برادری کوجان ومال کامکمل تحفظ فراہم کیاجائے اوران کے آبائی علاقے لیاری میںآبادکاری کیلئے ٹھوس بنیادوں پرمثبت اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ لیاری میں گینگ وارکے دہشت گردوں کی جانب سے تسلسل کے ساتھ کچھی برادری خصوصاً نوجوانوں ، بزرگوں ،بچوں اورخواتین کودہشت گردی کانشانہ بنانے اوران کے گھروں پرراکٹوں اوربموں سے حملوں کے پیش نظر کچھی برادری لیاری سے اندرون سندھ بدین ، ٹھٹھہ ،میرپورخاص اور دھابیجی سمیت دیگرشہروں میں نقل مکانی کررہے ہیں۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کچھی برادری کے افراد لیاری کے قدیم باشندے ہیں جنہوں نے نہ صرف لیاری کوآبادکیابلکہ پاکستان کی تعمیروترقی میں بھی اپناخون پسینہ دیاتاہم آج انہیں گینگ وارکے دہشت گردوں کی جانب سے حکومتی سرپرستی میں دہشت گردی اور قتل وغارتگری کانشانہ بنایاجارہاہے اورکچھی برادری کی نسل کشی کرکے انکے گھروں پرقبضے بھی کئے جارہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک جانب گینگ وارکے دہشت گردوں کوکھچی برادری کے قتل کاکھلالائسنس دیکرکچھی برادری کی نسل کشی کی جارہی ہے اورانہیں لیاری چھوڑ کرمحفوظ علاقوں اور شہروں میں نقل مکانی پرمجبورکیاجارہاہے جبکہ دوسری طرف حکومت سندھ نقل مکانی کرنے والی کچھی برادری کوتحفظ فراہم کرنے کے بجائے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہی ہے جہاں انہیں بے یارومددگارچھوڑدیاگیاہے جس کے باعث کچھی برادی میں شدیدبے چینی اور مایوسی پھیل رہی ہے اوروہ اپنے جان ومال کے تحفظ کیلئے حکومت کو دوہائیاں دے رہے ہیں۔رابطہ کمیٹی نے صدرمملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثاراحمد،گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد اوروزیر اعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے مطالبہ کیاہے کہ کچھی برادری کی نسل کشی کاعمل بندکرایاجائے ،کھچی برادری کے قتل عام میں ملوث لیاری گینگ وارکے دہشت گردوں کو گرفتار کر کے قانو ن کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے اور کچھی برادری کوجان ومال کاتحفظ فراہم کیاجائے اورکچھی برادری کی آبادکاری کیلئے ہنگامی بنیادوں پرمثبت اورٹھوس اقدامات بروئے کارلائیں جائیں۔