قائدتحریک الطاف حسین کا صدرآصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر رابطہ
بم دھماکہ میں صدرکے چیف سیکیورٹی آفیسربلال شیخ سمیت دیگرافراد کی شہادت پر اظہارافسوس
وقت کا تقاضہ ہے کہ مسلح افواج اور سویلین،ان دہشت گردوں کے خلاف اتحاد کامظاہرہ کریں، الطاف حسین
ملک بھر کے عوام، مسلح افواج کے ساتھ مل کر سفاک دہشت گردوں کا مقابلہ کریں، الطاف حسین
لندن۔۔۔9، جولائی2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے بم دھماکے میں صدرآصف علی زرداری کے چیف سیکیوریٹی آفیسر بلا ل شیخ سمیت متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ بلاول ہاؤس کراچی میں صدرآصف علی زرداری سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے جناب الطاف حسین نے کہاکہ بم دھماکے میں بلال شیخ سمیت متعدد افراد کے شہید وزخمی ہونے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے ۔یہ دھماکہ انتہائی سفاک دہشت گردوں نے کیا ہے جوکہ مسلمان توکجا انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں۔جناب الطاف حسین نے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بے گناہ شہریوں کی جان ومال سے کھیلنے والے پورے ملک کے دشمن ہیں اور وقت کا تقاضہ ہے کہ مسلح افواج اور سویلین دہشت گردوں کے خلاف اتحاد کامظاہرہ کریں، ملک بھر کے عوام مسلح افواج کے ساتھ مل کر سیسہ پلائی دیوار کی طرح ان سفاک دہشت گردوں کا مقابلہ کریں اور پاکستان کو ان وحشی درندوں سے پاک کردیں۔جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بلال شیخ شہید سمیت تمام شہداء کی مغفرت فرمائے ، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ عطا کرے اور سوگوارلواحقین کو صبرجمیل عطافرمائے۔جناب الطاف حسین نے بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔