پاکستان سمیت مسلم امہ کوماہِ صیام کی آمد پر ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی مبارکباد ۔
رمضان کے مہینے اوراس کے روزوں کو اسلامی عبادات میں خصوصی اہمیت حاصل ہے ، الطاف حسین
مسلم امہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مصیبت زدہ اور پریشان حال لوگوں کو ضرور یاد رکھے ، الطاف حسین کی اپیل
لندن۔۔۔10، جولائی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو بابرکت اور رحمتوں والے مہینے رمضان کی دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔ ایک تہنیتی بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ ماہِ صیام اور اس کے روزوں کو اسلامی عبادات میں خصوصی اہمیت حاصل ہے ، روزہ دین اسلام کے ارکان میں سے اہم رکن اور تزکیہ نفس کا بہترین ذریعہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں روزے رکھ کر روزہ دارکو غریب ونادارافراد کی بھوک ، پیاس کی شدت ، ان کی تکالیف کا احساس ہوتا ہے اور ان میں دوسروں کی مدد کا جذبہ بیدار ہوتا ہے جبکہ روزہ انسانی صحت کیلئے بھی مفید ہے ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ماہِ صیام کی برکتوں اور رحمتوں کا مسلم امہ پر نزول فرمائے اور شہر کراچی اور ملک میں امن و امان کا قیام اور دہشت گردی کا خاتمہ فرمائے ۔ جناب الطا ف حسین نے مسلم امہ سے کہا کہ وہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مصیبت زدہ اور پریشان حال لوگوں کو ضرور یاد رکھیں اور اس مہینے کی برکتوں اور رحمتوں سے فیضاب ہونے کیلئے غریب ومستحق اور نادار افراد کی تکالیف کو محسوس کرکے ان کی بھر پور مدد کریں ۔