گریجویٹ فورم کے زیر اہتمام آرٹس کونسل میں ’’گداگری سے پیدا ہونے والے مسائل اور ان کا تدارک‘‘ کے عنوان سے مذاکرہ کا انعقاد
مذاکرہ میں ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن احمد سلیم صدیقی، حق پرست رکن قومی اسمبلی کشور زہرہ، ڈاکٹرز، پروفیسرز، انجینئرز اور معززین شہر کی شرکت، مذاکرے کے مہمان خصوصی حق پرست سینیٹر عبد الحسیب خان تھے
پیشہ ور بھکاریوں نے کراچی میں کئی سیاسی، سماجی اور معاشی مسائل پیدا کردیئے ہیں، احمد سلیم صدیقی
تصاویر
کراچی ۔۔۔8، جولائی 2013ء
گریجویٹ فورم کے زیر اہتمام گزشتہ روز آرٹس کونسل کے منظر اکبر ہال میں ’’گداگری سے پیدا ہونے والے مسائل اور ان کا تدارک ‘‘ کے عنوان سے ایک مذاکرہ منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی حق پرست سینیٹر عبد الحسیب خان تھے ۔ مذاکرہ میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن احمد سلیم صدیقی ، حق پرست رکن قومی اسمبلی کشور زہرہ، گریجویٹ فورم کے صدر ڈاکٹر عبد القادر خانزادہ ،کمشنر کراچی شعیب صدیقی ، ڈاکٹر فتح محمد برفت ، ڈاکٹر عبدالمالک ، پروفیسر اعجاز فاروقی ، محمد محمود احمد ، ڈاکٹر مستغیث الرحمن ، ڈاکٹر صلاح الدین ثانی کے علاوہ اساتذہ ، پروفیسرز ، ڈاکٹرز ، انجینئرز اور معززین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ مذاکرے کے عنوان پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن احمد سلیم صدیقی نے کہا کہ پیشہ ور بھکاریوں نے کراچی میں کئی سیاسی ، سماجی اور معاشی مسائل پیدا کردیئے ہیں اور ان کی وجہ سے جرائم میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ، گداگری سے نبرد آزما ہونے کیلئے انتظامیہ کو سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گریجویٹ فورم نے گداگری کے عنوان پر مذاکرے کا انعقاد کرکے ایک اہم مسئلے کو اجاگر کیا ہے اور اس مسئلے پر ایک مکمل ورکشاپ ہونا چاہئے جس میں تمام طبقات کو مدعو کیاجائے ۔ حق پرست سینیٹر عبد الحسیب خان نے کہا کہ کراچی میں پیشہ ور بھکاریوں نے ہر قسم کی برائی کو جنم دیا ہے اور جس عمل سے برائی جنم لے اس کا سدباب کیاجانا معاشرے کی اولین ترجیح ہونی چاہئے ۔ ڈاکٹر صلاح الدین ثانی نے کہا کہ اسلام میں پیشہ ور گداگری کی کوئی گنجائش نہیں ہے ، دین اسلام نے ہمیشہ دینے کی تلقین کی ہے اور انسا ن کو اپنے ذرائع کے مطابق زندگی گزارنے کا موقع دیا ہے ۔ مذاکرہ میں دیگر مقررین نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ ور گداگر ایک مافیا ہے جو ایک انڈسٹری کی شکل اختیار کرتی جارہی ہے اور کراچی میں تو گداگری کے ٹھیکے کروڑوں میں فروخت کئے جاتے ہیں اور پیشہ ور گداگر ی کہیں پر بھی ہو وہ برائیوں کی پیدوار کا سبب بنے گی ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں پیشہ ور گداگرمافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اس میں سرکردہ افراد کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے ۔