ہنگو میں بم دھماکہ پر الطاف حسین کا اظہار مذمت
دہشت گرد بم دھماکوں اور دہشت گردی کے ذریعے جس طرح سے بے گناہ انسانوں کا خون بہا رہے ہیں وہ کھلی دہشت گردی ہے، الطاف حسین
صوابی میں بم ناکارہ بناتے ہوئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے 2 اہلکاروں کی شہادت پر الطاف حسین کا اظہار افسوس
لندن۔۔۔8، جولائی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ہنگو میں بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بم دھماکوں اور دہشت گردی کے ذریعے معصوم و بے گناہ انسانوں کو خاک و خون میں نہلانے والے سفاک دہشت گردملک کے کھلے دشمن ہیں اور تاریکیوں کے اندھیروں میں گم ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے برابر ہے اور سفاک دہشت گرد بم دھماکوں اور دہشت گردی کے ذریعے جس طرح سے بے گناہ انسانوں کا خون بہا رہے ہیں وہ کھلی دہشت گردی ہے اور انسانیت کا بلاجواز خون بہانے کے مترادف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ انہوں نے بم دھماکے میں شہید افراد کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ جناب الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیرد اخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا کہ ہنگو میں بم دھماکے کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔
دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے صوابی کے علاقے جمال آباد میں بم ناکارہ بناتے ہوئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے 2رضاکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو جدید لباس اور سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ دہشت گردی کے خلاف اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو مزید بروئے کا لاسکیں ۔ جناب الطاف حسین نے شہید ہونیو الے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے دونوں اہلکاروں کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے دونوں اہلکارون کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔