ایم کیوایم کے زیراہتمام جنرل ورکرزاجلاس کاانعقاد
ماہ رمضان کی آمدسے قبل ملک گیرسطح پر زکوۃ فطرے کے حوالے سے مہم کے آغازکااعلان
کراچی:۔۔۔7، جولائی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام ماہ رمضان المبارک سے قبل زکوۃ فطرے کی مہم کے آغازکے سلسلے میں اتوار7،جولائی کولال قلعہ گراؤنڈعزیزآبادمیں جنرل ورکرز اجلاس منعقدکیاگیاجس میں ایم کیوایم کے کارکنان نے بہت بڑی تعدادمیں شرکت کی ۔ورکرزاجلاس سے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرڈاکٹرخالدمقبول صدیقی اوررکن رابطہ کمیٹی سیدحیدرعباس رضوی نے خطاب کیااورکارکنان کوملک گیرسطح پرزکوۃ فطرے کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے دکھی انسانیت کیلئے جاری ایم کیو ایم کی عملی خدمات پرروشنی ڈالی۔اس موقع پراجلاس میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرزڈاکٹرنصرت ،انجینئرناصرجمال،اراکین رابطہ کمیٹی ،حق پرست اراکین سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلی،ایم کیوایم کے ونگزوشعبہ جات کے ارکان اورکراچی کے سیکٹرزویونٹوں کے ذمہ داران وکارکنان بھی موجودتھے۔جنرل ورکرزاجلاس کے سلسلے میں لال قلعہ گراؤنڈمیں خصوصی انتظامات کیے گئے تھے ۔اجلاس کاآغازٹھیک چھ بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوااوررکن سندھ اسمبلی عبدالحسیب نے قرآن پاک کی تلاوت کی۔کارکنان کی بڑی تعدادکے باعث پنڈال میں جگہ کم پڑگئی جس کے سبب کارکنان کی بہت بڑی تعدادنے پنڈال سے باہرکھڑے ہوکراجلاس کی کارروائی سماعت کی۔کراچی کی طرح اندرون سندھ،پنجاب،بلوچستان ،خیبرپختونخواہ ،گلگت بلتستان اورآزادکشمیر سمیت ملک بھرمیں قائم ایم کیوایم صوبائی،ضلعی،زونل اور ڈسٹرکٹس دفاترمیں بھی ایم کیوایم کی جانب سے ماہ رمضان سے قبل زکوۃ فطرے کے حوالے سے جنرل ورکرزاجلاس منعقد کیے گئے جس میں مقامی ذمہ داران وکارکنان نے شرکت کی۔