ایم کیوایم بلدیہ ٹاؤن سیکٹر کے کارکن محمد رفیق کے سفاکانہ قتل میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، رابطہ کمیٹی
دہشت گرد شہر کا امن تباہ کر کے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی گھناؤنی سازش پر عمل پیرا ہیں، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی ۔۔۔6، جولائی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم بلدیہ ٹاؤن سیکٹر یونٹ 112-Aکی سابق یونٹ کمیٹی کے رکن محمد رفیق کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کے قتل میں ملوث دہشت گرد شہر کا امن تباہ کرکے ملک کوعدم استحکام سے دوچار کرنے کی گھناؤنی سازش پر عمل پیرا ہیں۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ مسلح دہشت گرد شہر میں دندناتے پھر رہے ہیں اور انہیں لگام دینے والا کوئی دکھائی نہیں دیتا ، پولیس و انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے دہشت گردوں کی عملی طور پر سرکوبی کے بجائے صرف اور صرف بلند و بانگ دعوؤں پر ہی اکتفا کئے ہوئے ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شہر میں مسلح دہشت گردفائرنگ کا نشانہ بنا کر حق پرست منتخب نمائندوں سمیت ایم کیوایم کے سینکڑوں کارکنان کو بیدردی سے قتل کرچکے ہیں لیکن یہ امر باعث افسوس ہے کہ سفاک قاتل آج بھی قانون کی گرفت سے نہ صرف آزاد ہیں بلکہ اپنے آپ کو آئین و قانون سے ماورا ء تصور کررہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے محمد رفیق شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کوصبرجمیل عطا فرمائے ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ،و زیراعظم میاں نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشر ت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم بلدیہ ٹاؤن سیکٹر یونٹ 112-Aکی سابق کمیٹی کے رکن محمد رفیق کے سفاکانہ قتل میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور انہیں عبرتناک سزا دی جائے ۔