لیاری،آگرہ تاج کالونی اوردیگرملحقہ علاقوں میں پیپلزامن کمیٹی کے دہشت گردوں کی جانب سے کچھی برادری سمیت لیاری میں آباددیگربرادریوں کے پرامن عوام کومسلسل دہشت گردی کانشانہ بنانے کاسلسلہ بندکرایاجائے۔ رابطہ کمیٹی
پیپلزامن کمیٹی کے دہشت گردوں کے ہاتھوں کچھی برادری،کاٹھیاواڑی برادری،میمن برادری اوردیگرپرامن برادریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے
حکومت سندھ اور پیپلزپارٹی کے بعض رہنماء کھلے عام پیپلز امن کمیٹی کے دہشت گردوں کی حمایت اور سرپرستی کررہے ہیں
دہشت گرد وں نے بھتہ خوری ، دہشت گردی ، اغواء برائے تاوان اورقتل وغارتگری کا بازار گرم کررکھا ہے
قتل وغارتگری اوردہشت گردی کا سلسلہ بندکرایا جائے ،لیاری کے تمام مظلوم عوام کو بلاامتیاز جان ومال کا تحفظ فراہم کیا جائے ۔رابطہ کمیٹی
کراچی۔۔۔5، جولائی2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے لیاری،آگرہ تاج کالونی،بہارکالونی اوردیگرملحقہ علاقوں میں پیپلزامن کمیٹی کے دہشت گردوں کی جانب سے کچھی برادری سمیت لیاری میں آباددیگربرادریوں کے پرامن عوام کومسلسل دہشت گردی کانشانہ بنانے اور قتل وغارتگری کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ لیاری اورملحقہ علاقوں کے معصوم عوام کوتحفظ فراہم کیاجائے اورانہیں دہشت گردی کانشانہ بنانے کا سلسلہ فی الفور بند کرایاجائے۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بدنام زمانہ پیپلزامن کمیٹی کے دہشت گردوں کے ہاتھوں لیاری کے مظلوم عوام بالخصوص کچھی برادری، کاٹھیا واڑی برادری،میمن برادری اوردیگرپرامن برادریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے، لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی، بہارکالونی، بغدادی ، کلری ، ہنگورہ آباد اور دیگر علاقوں میں نام نہاد پیپلزامن کمیٹی کے دہشت گرد وں نے بھتہ خوری ، دہشت گردی ، اغواء برائے تاوان اورقتل وغارتگری کا بازار گرم کررکھا ہے ۔گزشتہ کئی ماہ سے ان دہشت گردوں کی جانب سے غریب ومظلوم کچھی برادری کے افرادکواغواکرنے کے بعد سفاکی سے قتل کیاجارہاہے جسکے باعث کچھی برادری کے عوام یہ سمجھنے پر مجبورہیں کہ ان کی نسل کشی کامذموم عمل کیاجارہا ہے اوران سے امن وسکون کے ساتھ زندگی گزارنے کاحق چھینا جارہا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شہریوں کو بلاامتیاز جان ومال کا تحفظ فراہم کرنا اور ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا سندھ حکومت کا بنیادی فرض ہے لیکن بدقسمتی سے حکومت سندھ کے اعلیٰ عہدیدار اور پیپلزپارٹی کے بعض رہنماء کھلے عام پیپلز امن کمیٹی کے دہشت گردوں کی حمایت اور سرپرستی کررہے ہیں جسکے باعث ان دہشت گردوں کے حوصلے اتنے بلند ہوچکے ہیں کہ وہ نہ صرف کراچی کے تاجروں ، صنعتکاروں اور دکانداروں سے بھاری بھتے وصول کررہے ہیں بلکہ لیاری کے مظلوم عوام بالخصوص کچھی برادری کو کھلے عام دہشت گردی کانشانہ بنارہے ہیں مگر ان دہشت گردوں کو روکنے والا کوئی نہیں ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ لیاری کے مختلف علاقوں میں بے گناہ شہریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف کچھی برادری کے بزرگ، خواتین ، بچے اورنوجوان اپنے گھروں سے نکل کر پرامن احتجاج کرنے پر مجبورہیں لیکن سندھ حکومت کی جانب سے اس احتجاج اور دہائیوں کا کوئی نوٹس نہیں لیاجارہا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کچھی برادری سمیت لیاری کی تمام مظلوم عوام سے دلی یکجہتی کااظہا ر کرتے ہوئے کہاکہ اگر سندھ حکومت نے لیاری کے مظلوم عوام کو جان ومال کاتحفظ فراہم نہ کیا اورپیپلزامن کمیٹی کے دہشت گردوں کی جانب سے پرامن عوام کودہشت گردی کانشانہ بنانے کاسلسلہ بند نہ کرایا اوردہشت گردی کایہ سلسلہ اسی طرح جاری رہاتوکہیں ایسانہ ہوکہ جرائم پیشہ دہشت گردوں اور قاتلوں کے خلاف اس احتجاج کادائرہ شہرکے دیگرعلاقوں میں بھی پھیل جائے اوردیگرعلاقوں کے پرامن عوام بھی جرائم پیشہ دہشت گردوں کی مذموم کارروائیوں کے خلاف سڑکوں پر آکر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔رابطہ کمیٹی نے گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ پیپلزامن کمیٹی کے دہشت گردوں کی قتل وغارتگری اور مجرمانہ کارروائیوں کے خلاف کچھی برادری کے پرامن احتجاج کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے ، قتل وغارتگری اوردہشت گردی کا سلسلہ بندکرایا جائے اور لیاری کے مظلوم عوام کو بلاامتیاز جان ومال کا تحفظ فراہم کیا جائے ۔