ایم کیو ایم امریکہ کا 17واں سہ روزہ سالانہ کنونشن ایٹلانٹا میں منعقد ہوا
واشنگٹن ڈی سی ۔۔۔یکم جولائی2013ء
ایم کیو ایم امریکہ کا 17واں سالانہ سہ روزہ کنونشن اٹلانٹا میں 28تا30جون ’’ْ قائد کا پاکستانْ ‘‘ کے عنوان سے منعقد ہوا جس میں امریکہ کے اٹھارہ سے زائد شہروں سے آئے ہوئے ایم کیو ایم کے ذمہ داران ، کارکنان اور ہمدردبڑی تعداد میں شرکت کی۔پہلے دن کے سیشن کا آغاز کرتے ہوئے ایم کیو ایم امریکہ کے جوائنٹ سینٹرل آرگنائزر محمد ارشد حسین نے شرکاء کو کنونشن کے ایجنڈے سے آگاہ کیاجبکہ سہ روزہ افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم نارتھ امریکہ کے نگران عبادالرحمان نے کہا کہْ قائد کا پاکستان ْ کے عنوان سے منعقد ہونے والے اس کنونشن کا مقصد پاکستان کی موجودہ سیاسی، معاشی، سماجی اور جغرافیائی صورتحال پرغور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کنونشن کے ذریعہ دنیا بھر کو یہ پیغام دیا جائیگاکہ پاکستان کے عوام پاکستان کو بنانے، سنوارنے اور بچانے کے لئے ایک نکاتی ایجنڈے پر قائد تحریک جناب الطاف حسین کی قیادت میں متحد ہیں ۔
ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے کنونشن کے اغراض و مقاصد کی تفصیلات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے ایم کیو ایم کے ذمہ داران و کارکنان اس عزم کے ساتھ یہاں جمع ہوئے ہیں کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن اور قائد تحریک جناب الطاف حسین کے مشن کو ہر صورت میں عملی جامعہ پہنائیں گے۔ علاوہ سالانہ کنونشن کے موقع پر ایم کیو ایم امریکہ کی جانب سے خوبصورت مجلے کا اجراء بھی کیا گیا۔ کنونشن کے پہلے روز ایم کیو ایم امریکہ کے کارکنان کے ساتھ ایم کیو ایم کی جدوجہد اور پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر ایک نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں کارکنان نے ایم کیو ایم امریکہ کے مرکزی ذمہ داران سے سوالات کئے اور اپنی تجاویز پیش کیں ۔ کنونشن کے افتتاحی سیشن کی نظامت جوائنٹ آرگنائزر ندیم صدیقی اور سینٹرل کمیٹی کے رکن ثاقب محی الدین نے انجام دئیے جبکہ اٹلانٹا چیپٹر کے انچارج حسیب خان نے خیر مقدمی کلمات میں کنونشن کے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔