پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ پر ڈاکٹر فاروق ستار اور اراکین قومی اسمبلی کا اظہار مذمت
پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن اقدام ہے، فی الفور واپس لیا جائے اور عوام کو اس مد میں سبسڈی فراہم کی جائے
کراچی ۔۔۔30، جون 2013ء
قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار اور حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے کھلا عوام دشمن اقدام قرار دیا ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، بجٹ سے پہلے اور اس کے بعد ویسے ہی روزمرہ استعمال کی اشیاء عوام کی پہنچ سے دور ہوگئی ہیں اور اب پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی کمر توڑ دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا براہِ راست اثر محنت کش اور غریب طبقے پر پڑتا ہے ، مہنگائی میں حد درجہ اضافے کے باعث عوام بسوں کے کرائے برداشت کرنے کے بھی قابل نہیں رہے ہیں اور ایسی صورتحال میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنا صریحاً غیر منطقی اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ حکومت سابقہ روایت کو توڑتی اور عوام دوست اقدامات کو فروغ دیکر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے اس مدمیں سبسڈی دیتی اور مثبت اقدامات کرتی تاکہ مہنگائی کا بوجھ عوام پر سے ہٹے اور وہ خوشحالی زندگی بسر کرسکیں ۔ ڈاکٹر فاروق ستار اور اراکین قومی اسمبلی نے صدر مملکت آصف علی زردای اور وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیاجائے اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بجائے عوام کو اس مد میں سبسڈی فراہم کی جائے ۔