دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم نیو کراچی سیکٹر کے کارکن عبد الستار کے بہیمانہ قتل پر رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
تسلسل کے ساتھ ایم کیوایم کے سیکڑ وں کارکنان کے بہیمانہ قتل میں ملوث دہشت گرد آزاد گھوم رہے ہیں، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم عبد الستار شہید کے سفاک قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے ، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی
شہید کے سوگوار لواحقین سے رابطہ کمیٹی کااظہار تعزیت
کراچی ۔۔۔30، جون 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم نیو کراچی سیکٹر یونٹ 139کے کارکن عبد الستار ولد محمد رفیق کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کی تسلسل کے ساتھ فائرنگ کرکے بیدردی سے قتل کرنے کے واقعات کو کھلی دہشت گردی قرار دیا ہے ۔ایک مذمتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ مسلح دہشت گرد شہر میں ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کو دن دہاڑے فائرنگ کرکے بیدردی سے قتل کررہے ہیں تاہم تسلسل کے ساتھ ایم کیوایم کے سینکڑوں کارکنان کے بہیمانہ قتل میں ملوث دہشت گرد آزاد گھوم رہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شہر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری کی موجودگی کے باوجود دہشت گرد وں کا ایم کیوایم کے کارکنان کو فائرنگ کرکے بیدردی سے قتل کرنا اس بات کاواضح ثبوت ہے کہ ایم کیوایم کو دیوار سے لگایا جارہا ہے اور اس کے کارکنان پر عرصہ حیات تنگ کیاجارہا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے عبد الستار شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطا کرے ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم نیو کراچی سیکٹر یونٹ 139کے کارکن عبد الستار کے بہیمانہ قتل میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اورعبرتناک سزا دی جائے ۔