کراچی میں برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمیشن کے دفتر کے باہر ایم کیوایم کے ارکان پارلیمنٹرین کا زبردست احتجاجی مظاہرہ لندن میں الطاف حسین کی رہائشگاہ پر چھاپے کے اقدام کے خلاف یاداشت برطانوی سفارتخانے میں جمع کرائی
اسکاٹ لینڈ یارڈ اور میٹرو پولیٹن پولیس کے اقدام سے کروڑوں عوام کو ٹھیس پہنچی اور دکھ ہوا ہے ، ڈاکٹر فاروق ستار
متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست سینیٹرز ، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے اتوار کی دوپہر کراچی میں برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمیشن کے دفتر کے باہرزبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور لندن میں کروڑوں عوام کے دلوں کی دھڑکن ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین کی رہائشگاہ پر چھاپے کے اقدام کے خلاف ایک یاداشت برطانوی کے سفارتخانے میں جمع کرائی ۔ احتجاجی مظاہرے میں قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر محمد فاروق ستار ، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر رشید گوڈیل ، سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری ، ڈپٹی اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن اور حق پرست سینیٹرز مصطفی کمال اور فروغ نسیم اور دیگر ارکان قومی وصوبائی اسمبلی بھی موجود تھے ۔ ایم کیوایم کے منتخب عوامی نمائندوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اردو اور انگریزی میں ’’ ہمیں منزل نہیں رہنما چاہئے ‘‘’’الطاف حسین کی رہائشگاہ پر چھاپہ کروڑوں عوام کی دل آزاری اور توہین ہے ‘‘’’صرف اور صرف الطاف ‘‘’’عزت مراعت نہیں ہے بلکہ یہ حق ہے ‘‘’’میں آزاد ہوں الطاف حسین کی وجہ سے ‘‘’’ہمیں کوئی قائد قبول نہیں ماسوائے الطاف حسین کے ‘‘’’الطاف حسین پاکستان کے کروڑوں عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں ‘‘نعرے اور مطالبات درج تھے ۔احتجاجی مظاہرے کے بعد ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی رابطہ کمیٹی کے ارکین سینیٹر مصطفی کمال ، رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر صغیر احمد ، قو می اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار ،سینیٹر فروغ نسیم اور سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری نے برطانوی سفارتخانے میں یاداشت جمع کرائی اور جناب الطاف حسین کی لندن میں رہائشگاہ پر چھاپے کے خلاف کارکنان و عوام کے ردعمل سے آگاہ کیا ۔ برطانیہ کے سفارتخانے میں یاداشت جمع کرانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ اور میٹرو پولیٹن پولیس کے اقدام سے کروڑوں عوام کے دلوں کو ٹھیس پہنچی ہے اور دکھ ہوا ہے جبکہ ہم نے یاداشت کے ذریعے اس اقدام پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر عمران فاروق شہید کے قتل کے معاملے میں ہم سے زیادہ کس کو فکر ہوسکتی ہے ہم تو خود متاثرین میں شامل ہیں اور انصاف کے منتظر ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں باربار یقین دلایا کہ اس میں ہمارا مکمل تعاون حاصل رہے گا لیکن ایسا محسو س ہوتا ہے کہ ایک سوچے سمجھے طریقے سے قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیوایم کا ٹرائیل کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بانی و قائد تحریک جناب الطاف حسین کی رہائشگاہ پر چھاپہ مار کر ہمارے قائد کی تضحیک کی گئی ہے ، ہم اس مسئلے کو ہر سطح پر اٹھائینگے اور عدالتوں میں قانونی جنگ لڑینگے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے واضح کیا کہ ڈاکٹر عمران فاروق شہید قتل کیس حل ہونا چاہئے اور اس میں انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کرنا اشد ضروری ہے ۔