پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں سیکورٹی فورسز کے قافلے کے قریب بم دھماکے پر الطاف حسین کااظہار مذمت ۔
بم دھماکہ ملک کی سلامتی پر حملہ اور کھلی دہشت گردی ہے ، الطاف حسین
تین بچوں سمیت متعدد افراد کے بم دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے پر الطاف حسین کااظہار افسوس ، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا
لندن۔۔۔30، جون 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں سیکورٹی فورسز کے قافلے کے قریب بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں تین بچوں سمیت متعدد افراد کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہاکہ شدت پسندی اور انتہاء پسندی کے رجحانات کو فروغ دینے کیلئے دہشت گرد مسلح افواج ، سیکورٹی فورسز ، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سمیت معصوم و بے گناہ شہریوں کو ہی نہیں بلکہ مساجد ، امام بارگاہوں اور بزرگانِ دین کے مزارات کو بموں سے نشانہ بنا رہے ہیں اور اس تمام کھلی دہشت گردی ، بربریت اور ظلم کا مقصد پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بڈ ھ بیر میں سیکورٹی فورسز کے قافلے کو دہشت گردوں کی جانب سے بم دھماکے سے نشانہ بنانا ملک کی سلامتی پر حملہ اورکھلی دہشت گردی ہے۔ انہوں نے بم دھماکے کے نتیجے میں شہید افراد ہونے والے افراد کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ جناب الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ،و زیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا کہ بڈ ھ بیر میں سیکورٹی فورسز قافلے کے قریب بم دھماکے کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے عبرتناک انجام سے دوچار کیاجائے ۔