ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن سینیٹر سید مصطفی کمال اور قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار کا برنس روڈ دھماکے کی جگہ کا دورہ اور معائنہ
دہشت گرد کراچی میں دھماکے کرکے پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، مصطفی کمال، ڈاکٹر فاروق ستار
ڈاکٹر فاروق ستار کا دھماکے میں زخمی ہونے والے سندھ ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس مقبول باقر کی کراچی کے مقامی اسپتال میں عیادت
کراچی ۔۔ 26؍ جون 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور حق پرست سینیٹر سید مصطفی کمال اور قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ دہشت گرد کراچی میں دھماکے کرکے پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا امن خراب کرنے والے ملک کیخلاف سازش کررہے ہیں۔یہ بات انہوں نے برنس روڈ دھماکے مقام کے دورے پر کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم روزانہ اپنے ساتھیوں کی نعشیں اٹھارہے ہیں ، ابھی چند دن پہلے ہمارے حق پرست رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی اور ان کے جواں سال صاحبزاے انجینئر وقاص قریشی کو دہشت گردوں نے نماز جمعہ کے بعد فائرنگ کرکے شہید کردیا ، کراچی میں مسلسل دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیں ،ملک دشمن کراچی کو تباہ کرنا چاہتے ہیں ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ،قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر رشید گوڈیل ، حق پرست ارکان اسمبلی خواجہ سہیل منصور ، محمد دلاور اور ایم کیو ایم لیگل ایڈ کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے ۔ سید مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی اس ملک کو 70فیصد ریونیو قومی خزانے میں دیتا ہے،دہشت گرد کراچی کو مسلسل دہشت گردی کا نشانہ بناکر ملک کی تباہ کرنا چاہتے ہیں ۔مصطفی کمال نے قائد تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیو ایم کی جانب سے جسٹس مقبول باقر پر حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صدر پاکستان آصف زرداری ، وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار ، گورنر سندھ ، ڈاکٹر عشرت العباد ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا برنس روڈ دھماکے کا نوٹس لیا جائے اور دھماکے میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دلائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان بہتر کرنا ہوگا ، کراچی میں امن ہوگا تو ملک ترقی کرے گا ۔ مصطفی کمال نے ایم کیو ایم کے قائد جناب الطاف حسین کی جانب سے تمام شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی اور زخمی ہونے والے پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کی جلد و مکمل صحتیابی کی دعا کی ۔بعدازاں قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے دھماکے میں زخمی ہونے والے سندھ ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس مقبول باقر کی کراچی کے مقامی اسپتال میں جاکر عیادت کی اور قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے خیریت دریافت کی اور ان کی جلد و مکمل صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور واقعے میں شہید ہونے والوں کے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی ۔ڈاکٹر فاروق ستار ستار نے اسپتال میں موجود اہلخانہ سے بات کرتے ہوئے قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور واقعے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ۔