کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سختی سے نوٹس لیا جائے، حق پرست اراکین اسمبلی
کراچی ۔۔۔25، جون 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے کراچی میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اورمطالبہ کیاہے کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔اپنے ایک مشترکہ بیان میں اراکین سندھ اسمبلی نے کہاکہ موسم گرما میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کراچی کے شہریوں کو شدید مشکلات اور پریشانیوں کاسامنے کرناپڑھ رہاہے ،صنعتی وتجارتی سرگرمیاں شدید متاثرہیں جبکہ پمپنگ اسٹیشنوں کوبجلی کی فراہمی منقطع ہونے سے پمپنگ اسٹیشنوں نے کام کرنا چھوڑدیاہے اور شہرمیں پانی کی شدیدقلت پائی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی پاکستان کامعاشی حب ہے جوہرسال قومی خزانے میں70فیصدسے زائدریونیوجمع کرواتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ پرقابوپانے اورکراچی تجارتی وصنعتی سرگرمیوں کوسہارادینے کے بجائے الٹاکراچی کو نیشنل گرڈسے650میگاواٹ بجلی بھی ختم کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں جوسراسرکراچی دشمنی ہے اورجس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے صدرمملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم پاکستان میاں محمدنواز شریف ، وفاقی وزیربرائے پانی وبجلی خواجہ آصف اوروزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے مطالبہ کیاکہ کراچی میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کاسختی سے نوٹس لیاجائے اوربلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس بنیادوں پرعملی اقدامات بروئے کارلائیں جائیں۔