دیامیرگلگت میں غیرملکی سیاحوں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے، قائد تحریک الطاف حسین
دہشت گردی کا یہ عمل صرف سفاکانہ ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی کا سبب بن رہا ہے۔حکومت، پاکستان آنے والے غیرملکی سیاحوں کو خصوصی سیکوریٹی فراہم کرے ۔روس، یوکرائن، چائنا اور دیگرممالک کے سربراہوں سے سیاحوں کے قتل پراظہار تعزیت
دیامیرنانگا پربت میں روسی ، چائنا اور یوکرائن سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کے قتل پر اظہار مذمت
لندن۔۔۔23، جون2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے گلگت بلتستان کے علاقے دیامیر،نانگا پربت کے علاقے میں مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں روسی، یوکرائین، چائنا اور پاکستانی سیاحوں کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں جناب الطا ف حسین نے کہاکہ پاکستان میں غیرملکی سیاحوں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ مقامی انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی مددسے سفاک قاتلوں کو گرفتارکرکے سخت ترین سزا دلوائے کیونکہ دہشت گردی کا یہ عمل صرف ظالمانہ اورسفاکانہ ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی کا سبب بن رہا ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ گلگت بلتستان کے علاقے قدرتی مناظرکے باعث پوری دنیا میں مشہورہیں اورتھوڑے بہت سیاحوں نے ان خوبصورت ترین مناظر کانظارہ کرنے کیلئے پاکستان آنے کا سلسلہ شروع کیا تھا ،دہشت گردی کے باعث اب وہ سلسلہ بند ہونے کا خدشہ ہے لہٰذا حکومت کو چاہئے کہ وہ دہشت گردی کی روک تھام کیلئے مؤثر اور ٹھوس اقدامات کرے اور پاکستان آنے والے غیرملکی سیاحوں کو خصوصی سیکوریٹی فراہم کرے ۔ جناب الطاف حسین نے دہشت گردوں کے ہاتھوں غیرملکی سیاحوں کے قتل پر گہرے دکھ اور اظہار کرتے ہوئے روس، یوکرائن، چائنا اور دیگرممالک کے سربراہوں سے دلی افسوس اور تعزیت کا اظہاربھی کیا۔