اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان، تحریک طالبان پاکستان کو اعلانیہ طور پر دنیا کا بزدل ترین گروہ قرار دے، الطاف حسین
نہتے عوام کو بغیر للکارے خود کار آتشی اسلحہ سے شہید کرنا بزدلی کے زمرے میں آتا ہے
وفاقی و صوبائی حکومتیں جب تک شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی نہ بنا دیں خود پر چین سے بیٹھنے کوحرام قرار دیں
پاکستان بھر کے عوام سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ساجد قریشی اور وقاص قریشی کے وحشیانہ قتل کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں
ملک بھر کے عوام دنیا پر واضح کر دیں کہ پاکستان، جمہوریت پسندوں اور بہادروں کا ملک ہے
نائن زیرو عزیز آباد میں رابطہ کمیٹی کے ارکان سے قائد تحریک الطاف حسین کی ٹیلی فون پر گفتگو
لندن۔۔۔21،جون2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ تحریک طالبان پاکستان(TTP ) کو اعلانیہ طورپر دنیا کا سب سے بزدل ترین گروہ قراردیاجائے۔انہوں نے پاکستان بھر کے عوام سے دردمندانہ اپیل کی کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر حق پرست رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی اور ان کے صاحبزادے وقاص قریشی کے وحشیانہ قتل کے خلاف ملک بھر میں صدائے احتجاج بلند کریں۔ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروعزیزآباد میں رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے جناب الطاف حسین نے حق پرست رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی اور ان کے جواں سال صاحبزادے وقاص قریشی کے بہیمانہ قتل کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت کرہ ارض پر انسانوں میں سب سے بزدل گروہ اگرکوئی ہے تو وہ طالبان کا گروہ ہے جوبے گناہ شہریوں پر چھپ کرحملے کررہے ہیں اور معصوم شہریوں کو خاک وخون میں نہلارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تاریخ کے مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ مختلف گروہوں، قبائل اورممالک کے درمیان دشمنیاں ازل سے چلی آرہی ہیں تاہم دشمنی اور جنگوں کے کچھ اصول اورآداب ہوتے ہیں کیونکہ جنگیں لڑنا بزدلوں کو نہیں بلکہ بہادروں کا کام ہوتا ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ نہتے عوام کو اچانک اورخاموشی سے بغیرللکارے خودکارآتشی اسلحہ سے گولیاں چلانا اور انہیں شہید کرنا بزدلی کے زمرے میں آتا ہے ۔جناب الطاف حسین نے اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ وہ تحریک طالبان پاکستان(TTP ) کو اعلانیہ طورپر دنیا کا سب سے بزدل ترین گروہ قراردلوائیں۔ انہوں نے وفاقی اورصوبائی حکومتوں سے کہاکہ بے گناہ شہریوں کو ہلاک وزخمی کرنے والے سفاک اوردرندہ صفت دہشت گردوں سے کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے ، شہریوں کو جان ومال کا تحفظ فراہم کرنے کے سلسلے میں کوئی کسر باقی نہ رکھی جائے اور جب تک معصوم شہریوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی نہ ہوجائے وہ خود پر آرام کرنے اور چین سے بیٹھنے کوحرام قراردیں۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ ساجد قریشی اور ان کے جواں سال بیٹے وقاص قریشی انتہائی شریف النفس، خوش اخلاق، ملنساراورانسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے انسان تھے لہٰذا ملک بھرکے عوام سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر ان کے بہیمانہ قتل کے خلاف ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھرپورشرکت کریں اور پوری دنیا پرواضح کردیں کہ پاکستان، جمہوریت پسندوں اور بہادروں کا ملک ہے ، درندہ صفت بھیڑیوں کا ملک نہیں ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ ملک بھر کے عوام اپنے اپنے علاقے میں ساجد قریشی شہید اور وقاص قریشی شہید کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کریں اور حق پرست شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کریں۔