حق پرست رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی اور انکے جواں سال بیٹے وقاص قریشی کی شہادت کے سانحہ پرایم کیوایم
کے زیراہتمام ملک بھرمیں تین روزہ سوگ منا یاجائے گا۔ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کااعلان
تین روزہ سوگ کے سلسلے میں صرف کل بروزہفتہ کراچی سمیت سندھ بھرمیں کاروباری سرگرمیاں اورٹرانسپورٹ بندرکھیں۔کراچی سمیت سندھ بھرکے تاجروں،صنعتکاروں، دکانداروں اور ٹرانسپورٹرز سے ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کی اپیل۔
سانحہ کے سوگ میں تین روزتک ایم کیوایم کی سیاسی وتنظیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی، ایم کیوایم کے دفاتر پرسیاہ پرچم لہرائے جائیں گے اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقدکئے جائیں گے
کراچی۔۔۔21،جون2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں حق پرست رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی اور انکے جواں سال بیٹے وقاص قریشی کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ساجدقریشی اورانکے بیٹے کی شہادت ایک بہت بڑاسانحہ ہے اوراس سانحہ پرملک بھرمیں پرامن تین روزہ سوگ منا یاجائے گا ۔ اس بات کافیصلہ رابطہ کمیٹی لندن اورپاکستان کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔رابطہ کمیٹی نے سندھ بھر کے تاجروں ، صنعتکاروں ، دکانداروں ، ٹرانسپورٹرز اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے پرزوراپیل کی ہے کہ وہ حق پرست رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی اورانکے بیٹے وقاص قریشی کے بہیمانہ قتل کے سانحہ کے خلاف منائے جانے والے سوگ میں خودبھی شریک ہوں اور تین روزہ سوگ کے سلسلے میں صرف کل بروزہفتہ کاروباری سرگرمیاں اورٹرانسپورٹ بند رکھیں ۔ رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق اس سانحہ کے سوگ میں تین روزتک ایم کیوایم کی سیاسی وتنظیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی، ایم کیوایم کے دفاتر پرسیاہ پرچم لہرائے جائیں گے اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقدکئے جائیں گے اورشہداء کوخراج عقیدت پیش کیاجائے گا ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ حق پرست رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی تحریک کے ابتدائی ایام کے کارکن تھے ، تحریکی جدوجہدمیں ساجدقریشی اورانکے پورے خاندان کی بہت قربانیاں ہیں، قائد تحریک جناب الطاف حسین خودبھی اپنی فکری نشستوں میں تحریک کے ابتدائی دورمیں قربانیاں دینے والوں میں ساجدقریشی اورانکے خاندان کی قربانیوں کازکرکرتے رہے ہیں اور یہ بتاتے رہے ہیں کہ تحریک کیلئے ساجدقریشی کے خاندان بالخصوص ساجدقریشی کی تحریک کیلئے اتنی زیادہ خدمات ہیں جنہیں لفظوں میں بیان نہیں کیاجاسکتا۔ ساجد قریشی کی شہادت سے تحریک ایک مخلص، ایماندار اور بے لوث کارکن سے محروم ہوگئی ہے۔