سندھ حکومت میں شامل ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے فیصلہ کرنے کیلئے جمعرات کے روز ایم کیوایم کے زیر اہتمام ملک بھر میں عوامی ریفرنڈم کا انعقاد کیا گیا
ملک بھر میں عوامی ریفرنڈم کیمپس لگائے گئے، جہاں نوجوانوں، خواتین، بزرگوں، طلبہ و طالبات، کارکنان اور دیگر حق پرست عوام کا زبردست رش دیکھنے میں آیا اور ووٹرز طویل قطاروں میں کھڑے دکھائی دیئے
ریفرنڈم کے نتائج کیلئے عوامی آراء کی گنتی کا عمل ملک بھر میں شروع کردیا گیا، ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی ایک مربوط اور منظم نظام کے تحت عوامی آراء کو اکٹھا کررہی ہے جس کے بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا
کراچی ۔۔۔20، جون2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے سندھ حکومت میں شامل ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے فیصلہ کرنے کیلئے جمعرات کے روز ملک بھر میں ’’عوامی ریفرنڈم ‘‘کا انعقاد کیا گیا ۔ عوامی ریفرنڈم کے سلسلے میں کراچی سمیت سندھ بھر ، صوبہ پنجاب ، بلوچستان ، خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ایم کیوایم کے زونز ، سیکٹرز اور یونٹوں کے زیر اہتمام کیمپس لگائے گئے۔ ریفرنڈم صبح 9بجے سے شام 5بجے تک بلا کسی وقفے کے جاری رہا اس موقع پر ملک بھر میں عوامی ریفرنڈم کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپوں پر زبردست رش دیکھنے میں آیا ، مختلف قومیتوں ، برادریوں کی خواتین ، بزرگ ، نوجوان ، طلبہ و طالبات ، ایم کیوایم کے کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے حق پرست عوام کیمپوں پر طویل قطاروں میں کھڑے ہوئے دکھائی دیئے۔ عوامی ریفرنڈم کے لئے عوامی آراء جاننے کیلئے ایم کیوایم کی ویب سائٹ www.mqm.orgپر آن لائن سہولیت میسر کی گئی تھی جبکہ ایس ایم ایس کے ذریعے بھی ملک بھر کے عوام نے سندھ حکومت میں شمولیت یا عدم شمولیت کے حوالے سے اپنی رائے کا بہت بڑی تعداد میں اظہار کیا ۔ عوامی ریفرنڈم کا مرکزی کیمپ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد پر قائم کیا گیا تھا جہاں صبح 9بجے سے ہی خواتین ، نوجوان ، بزرگ ، طلبہ و طالبات اور زندگی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے حق پرست عوام ہزاروں کی تعداد میں پہنچ گئے اور انہوں نے قطار در قطارکھڑے ہوکر سندھ حکومت میں شمولیت کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیاجس کا سلسلہ شام تک جاری رہا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز و اراکین رابطہ کمیٹی نے عوامی ریفرنڈم کیمپ کی نگرانی کی شام پانچ بجے سے قبل رابطہ کمیٹی کے اراکین نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور عوامی ریفرنڈم میں عوام کی لاکھوں کی تعداد میں شرکت پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا ۔ شام پانچ بجے رابطہ کمیٹی کے اراکین نے ریفرنڈم کے اختتام کا اعلان کیا اس موقع پر رابطہ کمیٹی کی نگرانی میں بیلٹ باکسز کھولے بھی گئے اور عوامی آراء کو یکجا کیا گیا ۔ ملک بھر میں ریفرنڈم کے نتائج کیلئے عوامی آراء کی گنتی کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی ایک مربوط اور منظم نظام کے تحت عوامی آراء کو اکٹھا کررہی ہے جس کے بعد نتائج کا اعلان کیاجائے گا ۔