ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے وفد کی ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے ارکان اور لاپتہ کارکنان کے اہلخانہ سے ملاقات
بلاجواز گرفتاریوں اور لاپتہ کارکنان کے حوالے سے تفصیلی بات چیت
کراچی۔۔۔20، جون2013ء
ہیومن رائٹس کمیشن آٖف پاکستان کے وفد نے جناب اسد اقبال بٹ کی سربراہی میں ایم کیوایم کے مرکزنائن زیرو سے متصل خور شید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ایم کیوایم کے لاپتہ کارکنان کے اہلخانہ اورایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سید امین الحق اور احمد سلیم صدیقی سے ملاقات کی ۔ملاقات میں ملک خصوصاً کراچی میں امن وامان کی مخدوش صورتحال، ایم کیوایم پر غیر اعلانیہ آپریشن،غیر قانونی چھاپوں اور حال ہی میں ایم کیو ایم کے ذمہ داران و کارکنان کی بلا جواز گرفتاریوں کے بعد ماورائے عدالت قتل کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی اور کوائف فراہم کئے ۔اس مو قع پر سا بق رکن قومی اسمبلی کنور خالد یونس اور وفد میں کونسل ممبر محترمہ عظمیٰ نورانی ،خضر حبیب،شاہد علی اور سارہ عروج شامل تھیں۔ملاقات انہائی خوشگوار ماحول میں تقریباً دو گھنٹے سے زائد جاری رہی ۔اس موقع پر ارکان رابطہ کمیٹی نے لائنز ایریا ،لیاری ،اورنگی ٹاؤن ،ملیر اور لانڈھی سمیت دیگر علاقوں میں کارکنان کی گرفتاریوں اور انہیں دہشت گردوں کی جانب سے قتل کئے جانے کے واقعات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
علاوہ ازیں ایم کیوایم کے لاپتہ کارکنان کے پریشان اہل خانہ نے ہیومن رائٹس کمیشن کے وفدسے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ ان کے بیٹوں اور بھائیوں کو قانون نافذکرنیوالے اداروں کے اہلکاروں نے باقاعدہ طورپرگرفتارکیاتھاجس کے بعدسے ان کااپنے پیاروں سے کوئی رابطہ نہیں اور انہیں نہیں بتایا جارہا ہے کہ ان کے پیاروں کوکہاں اورکس حال میں رکھاگیاہے ۔انہوں نے بتایاکہ ہم نے اپنے پیاروں کی بازیابی کیلئے قانونی ،آئینی اورتمام جمہوری طریقے استعمال کرلئے تاہم ہمیں سب جگہ سے مایوسی کاسامناکرناپڑرہاہے۔انہوں نے ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے وفدسے التجاء کی کہ وہ ان کے پیاروں کی زندہ سلامت بازیابی کیلئے ان کی مددکریں۔